• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابر اعظم سے میری کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، محمد عامر

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

سابق فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ میری بابر اعظم سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے۔

 محمد عامر کو کپتان بابر اعظم کی ٹی 20 فارمیٹ میں کارکردگی پر اپنے خیالات کےاظہار پر اکثر ہی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

سابق فاسٹ بولر نے حال ہی میں جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی۔

اس شو کے میزبان تابش ہاشمی نے ان سے ایک بار پھر اس حوالے سے سوال کیا کہ’زیادہ تر لوگوں کو یہ لگتا ہے کہ آپ کی اور بابر اعظم کی آپس میں نہیں بنتی تو آپ اس بارے میں کیا کہیں گے؟

محمد عامر نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ مجھے بابر اچھا نہیں لگتا تو میرا جواب ہے کہ بابر سے میری کوئی منگنی تھوڑی ٹوٹی ہے کہ وہ مجھے برا لگے۔


اُنہوں نے کہا کہ بابر اور میں 5 سال ساتھ کھیلے ہیں کبھی میری اس کے ساتھ کوئی تکرار نہیں ہوئی، ہمارا ساتھ اچھا رہا بلکہ وہ جونیئر ہے تو اس نے مجھے ہمیشہ عزت دی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میرے خیال میں سب کا نظریہ مختلف ہوسکتا ہے تو اگر میرا نظریہ کسی کے نظریے سے مختلف ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ میں اسے پسند نہیں کرتا۔

محمد عامر نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ وہ ٹیسٹ اور ون ڈے میں بہترین بیٹسمین ہیں لیکن ٹی 20 میں ان سے متعلق میری رائے مختلف ہے کیونکہ شاید بحیثیت باؤلر مجھے بابر کو بالنگ کروانا مشکل نہیں لگتا۔

اُنہوں نے کہا کہ اب اگر کوئی اس بیان کو غلط رنگ دے تو اس کے لیے میری دعا ہے کہ اللّٰہ اسے ہدایت دے۔

اُنہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ میں بابر کے خلاف نہیں ہوں بلکہ جیسے میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ ویرات کوہلی اس نسل کا بہترین بیٹسمین ہے اسی طرح بابر اعظم پاکستان کرکٹ کے اس دور کا سب سے بہترین بیٹسمین ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید