• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچے کو آئس کریم اور ویڈیو گیمز تجویز کرنا ڈاکٹر کو مہنگا پڑ گیا

برازیل میں ایک ڈاکٹر کو اس وقت اپنی ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑگئے جب اس نے مبینہ طور پر گلے کی سوزش اور فلو میں مبتلا 9 سالہ بچے کو چاکلیٹ آئس کریم اور ویڈیو گیمز تجویز کردیا۔ 

یہ واقعہ 18 مئی کو ریاست ساؤپاؤلو میں پیش آیا جہاں پریسیلا دا سلوا راموس نامی 37 سالہ خاتون اپنے بچے کو ایک سرکاری اسپتال میں چیک اپ کے لیے لے گئی۔

خاتون نے دعویٰ کیا کہ وہاں موجود ڈاکٹر نہایت ہی غیر پیشہ وارانہ انداز میں نظر آیا اور مجھ سے پوچھا کہ کیا آپ نے بچے کا گلا چیک کیا اور پھر کہا کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں، پھر اس نے بچے کا گلا یا سینہ چیک کرنے کے بجائے دوائیں لکھنا شروع کردیں۔

اس دوران ڈاکٹر نے بچے سے پوچھا کہ اسے آئس کریم اچھی لگتی ہے اور پھر اس کا فلیور پوچھا۔ دواؤں کے ساتھ اس نے آئس کریم اور روزانہ کے ویڈیو گیمنگ سیشنز بھی تجویز کیں۔

خاتون کے مطابق یہ دیکھ کر میں حیران رہ گئی۔ اس وقت تو مجھے کچھ پتا نہیں چلا کہ ڈاکٹر آئس کریم اور ویڈیو گیمنگ کا کیوں پوچھ رہا ہے لیکن اگلے روز جب میں نے دواؤں کے نسخے کا بغور معائنہ کیا تو یہ صورتحال سامنے آئی۔ 

بعدازاں مذکورہ خاتون نے نسخے کو فیس بک پر پوسٹ کیا اور یہ وائرل ہوگئی۔ جس کے بعد برازیل کے محکمہ پبلک ہیلتھ نے ڈاکٹر کو ملازمت سے برطرف کر دیا۔ 

تاہم سوشل میڈیا پر ڈاکٹر کے اس اقدام پر ملاجلا ردعمل سامنے آیا جہاں بعض افراد اسے غیرپیشہ ورانہ قرار دے رہے ہیں تو بعض کا کہنا تھا کہ اکثر ڈاکٹر بچوں کو والدین سے قریبی تعلق رکھنے کے لیے ایسا اقدام کرتے ہیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید