لاہور ( آن لائن ) مسلم پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین نے چوہدری پرویز الہیٰ کی ق لیگ میں واپسی کے امکان کو مسترد کر دیا اور کہا ہے کہ پرویز الہیٰ خاندانی طور پر آئے تو خوش آمدید کہیں گے،وہ تحریک انصاف چھوڑتے ہیں تو بہتر ہے اپنی علیحدہ جماعت بنا لیں،انہوں نے جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز چوہدری سرور کے ہمراہ جناح ہاؤس آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ آج جناح ہاوس آئے اور بڑی حیرانگی ہوئی کہ انہوں نے کوئی بھی چیز سلامت نہیں چھوڑی،آرمی تنصیبات اور شہدا کے مجسمے جلانے والوں کا لنک ایک سیاسی جماعت سے نکلتا ہے، انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی وجہ سے ہی ہم آج یہاں کھڑے ہوئے ہیں ، سوشل میڈیا میں بھی ان کا پازیٹو امیج دکھائیں، ، اس موقع پر چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ چودھری سرور نے کہا کہ ہماری افواج نے پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا۔ یہاں پاکستان کا جھنڈا لگا ہوا تھا جسے اتار کر پاوں تلے روندا گیا۔ کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں ، آج یہاں آنے کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو پیغام دینا ہے کہ پاک افواج پاکستانیوں کی خدمت کے لئے آگے آگے ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ ایک سیاسی جماعت پر پابندی لگائی جائے،میں پہلا سیاستدان ہوں جس نے کہا کہ پابندی نہیں لگنی چاہئے۔