ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈرکسن کا کہنا ہے کہ وہ نیٹو کی سیکریٹری جنرل بننے کی امیدوار نہیں ہیں۔
یہ بات انہوں نے امریکی صدر جو بائیڈن اور سی آئی اے ڈائریکٹر ولیم برنز کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے بعد کہی۔
وائٹ ہاؤس کے باہر رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے صدر فریڈرکسن نے کہا کہ پہلے بھی کہہ چکی ہوں کہ میں کسی عہدے کی امیدوار نہیں، سوائے اس کے جس پر میں ابھی متمکن ہوں اور امریکی صدر سے ملاقات کے بعد بھی میرا فیصلہ تبدیل نہیں ہوا ہے۔
واضح رہے کہ نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹنبرگ رواں برس عہدہ خالی کر دیں گے۔
ڈنمارک کی صدر سے متعلق یہ اطلاع سب سے پہلے ناروے کے اخبار میں پچھلے ماہ شائع ہوئی تھی کہ وہ ممکنہ طور پر نیٹو سیکریٹری جنرل کے عہدے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔