• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس


آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے خلاف قانون کی گرفت مضبوط کی جائے۔

فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں 9 مئی واقعات کی سخت ترین مذمت کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق عساکرِ پاکستان نے کہا کہ ریاست پاکستان اور مسلح افواج شہداء اور ان کے اہل خانہ کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ رکھیں گے۔

کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔

فورم نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

فارمیشن کمانڈرز نے کہا کہ شہداء کی یادگاروں، جناح ہاؤس اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے یوم سیاہ سانحہ 9 مئی کے واقعات کی سخت ترین مذمت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ کثرت سے جمع کیے گئے ناقابلِ تردید شواہد کو نہ جھٹلایا اور نہ ہی بگاڑا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کارروائیاں پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کی جائیں گی۔

سپہ سالار نے مزید کہا کہ پاک فوج علاقائی سالمیت کے تحفظ کی اپنی قومی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کا تہیہ کیے ہوئے ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ریاست پاکستان اور مسلح افواج، شہداء پاکستان اور ان کے اہلخانہ کو احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ سراہتی رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج کا آپس میں گہرا تعلق ہے جو قومی سلامتی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 25 مئی کی تقریبات میں عوام کی بھرپور شرکت افواج پاکستان اور عوام میں گہرے تعلق کی واضح عکاسی کرتی ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز پر پُرتشدد حملے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی سرگرمیوں کو روکنے کے بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور مسلح افواج کو بدنام کرکے مذموم سیاسی مفادات کا حصول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر اور ان کے حامی، جعلی اور بے بنیاد خبروں اور پروپیگنڈا کے ذریعے معاشرتی تفرقہ اور انتشار پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ قوم کے بھرپور تعاون سے تمام تر ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا، انشاء اللّٰہ۔

چیف آف آرمی اسٹاف کا کہنا تھا کہ بگاڑ پیدا کرنے کی اورٖٖٖ فرضی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے پیچھے پناہ لینے کی تمام تر کوششیں بےسود ہیں۔ 

کانفرنس کے شرکاء نے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پروان چڑھانے اور ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

فارمیشن کمانڈرز نے کہا کہ مخالف قوتوں کے ناپاک عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنانے کی راہ میں کسی بھی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے اور ابہام پیدا کرنے کی کوششوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

عساکرِ پاکستان نے عزم کیا کہ افواج پاکستان، ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ 

فورم نے شہداء کی عظیم قربانیوں، جن میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوانوں اور سول سوسائٹی کے شہداء شامل ہیں، کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ 

قومی خبریں سے مزید