• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو لوگ پی ٹی آئی چھوڑ کر جا رہے ہیں ان کو میں سلام پیش کرتا ہوں، عطاء تارڑ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ جو لوگ پی ٹی آئی چھوڑ کر جا رہے ہیں ان کو میں سلام پیش کرتا ہوں، فواد چوہدری اور علی زیدی غداری کا لیبل اپنے اوپر لگانے کو تیار نہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ہونے میں 6 سال لگے، تاخیری حربے استعمال ہوئے، لاڈلے نے تاخیری حربوں کو استعمال کیا ورنہ آج جیل میں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ گڈ ٹو سی یو نے ریلیف نہ دیا ہوتا تو کل عبدالرزاق شر کو شہید نہ کیا جاتا، یہ جرات کہاں سے آتی ہے کہ آپ اپنے خلاف کیسز کی پیروی پر وکیل کو قتل کرا دیں؟

عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ کل مقتول وکیل کے بیٹے نے ملزم کو نامزد کر کے پرچہ کرایا ہے، پہلے کرپشن کی اور اب وہ شخص قتل پر بھی اتر آیا ہے، یہ کریمنل مائنڈڈ لوگ ہیں جن کا خیال ہے کہ ان کا وجود ریاست سے بڑا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ پنجاب اسمبلی سے ہماری پارٹی کے صرف 5 لوگ چھوڑ کر گئے تھے، ہم نے کسی کو غدار نہیں کہا اور سب کو واپس لیا، ہمارے پاس ہر جگہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدوار موجود ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس گنجائش ہی نہیں نئے لوگوں کو لینے کی، جہانگیر ترین کے ساتھ ہمارا آئیڈیل ورکنگ ریلیشن شپ ہے، مخصوص لوگ اس سازش کا حصہ ہیں ان کو گڈ ٹو سی یو کہتے اور غیر ضروری ریلیف دیتے ہیں، اس نے امریکا کو پاکستان کی ملٹری امداد بند کرنے اور ایف 16 طیارے نہ دینے کا کہا۔

قومی خبریں سے مزید