آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے بجٹ میں بجلی اور گیس کے رعایتی نرخ جاری رکھنے کا مطالبہ کردیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں اپٹما کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کے مسابقتی نرخ 30 جون کو ختم ہو رہے ہیں، آئندہ مالی سال بجلی اور گیس کے مسابقتی نرخ جاری رکھے جائیں۔
خط میں کہا گیا کہ رواں سال ٹیکسٹائل برآمدات میں 3 ارب ڈالرز کمی کا امکان ہے، اگلے مالی سال ٹیکسٹائل برآمدات میں 4 سے 5 ارب ڈالرز کمی ہوسکتی ہے۔
اپٹما نے اپنے خط میں تحریر کیا کہ ٹیکسٹائل برآمدات 19 ارب سے کم ہو کر 16 ارب ڈالرز تک پہنچ سکتی ہیں۔ پاکستان 2023 میں 26 ارب ڈالرز کی ٹیکسٹائل برآمدات کی طرف بڑھ رہا ہے۔ بجلی، گیس کے مسابقتی نرخ واپس لینے سے ٹیکسٹائل برآمدات کم ہوئیں۔
وزیراعظم کو لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا کہ پنجاب کی صنعتوں کو مہنگی گیس اور بجلی فراہم کی جارہی ہے، بجلی و گیس کے مسابقتی نرخ ختم ہونے سے ٹیکسٹائل صنعت بری طرح متاثر ہوگی۔
اس میں یہ بھی کہا کہ مسابقتی نرخ ختم کرنے سے 10 ارب ڈالرز کا نقصان ہوگا جبکہ ٹیکسٹائل برآمدات بڑھنے سے ملک میں بےروزگاری کم ہوگی۔