سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں داعش کےخلاف ’بین الاقوامی اتحاد‘ کا وزارتی اجلاس ہوا، جس سے سعودی اور امریکی وزرائے خارجہ نے خطاب کیا۔
اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل نے کہا کہ سعودی عرب جہاں کہیں بھی ممکن ہے داعش کا پیچھا کرنے کی کوشش کرے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شدت پسندی کا مقابلہ اور داعش کو دوبارہ متحرک ہونے سے روکنے کیلئے اقدامات جاری رکھیں گے۔ سعودی عرب دہشت گردی اور انتہا پسندانہ نظریات کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر یقین رکھتا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل نے کہا کہ تمام ممالک رواداری اور مکالمے کو عام کرنے کیلئے مل کر کام کریں۔
اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے خطاب میں کہا کہ افغانستان اور کچھ افریقی علاقوں میں داعش کے حملوں میں اضافے پر تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں کو شام اور عراق کے کیمپوں میں رکھنے سے تنظیم کے دوبارہ متحرک ہونے کا خطرہ ہے۔