پاکستانی فیشن ڈیزائنرز اپنی بہترین صلاحیتوں کی وجہ سے یورپ کو مسلسل اپنی جانب متوجہ کرتے نظر آرہے ہیں۔
کئی معروف ہالی ووڈ شخصیات بہت سے اہم ایونٹس میں پاکستانی ڈیزائنرز کے ڈیزائن کیے ہوئے ملبوسات زیب تن کرچکی ہیں۔
حال ہی میں اردن کے ولی عہد حسین بن عبداللّٰہ اور رجوہ خالد السیف کی شادی میں ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے پاکستانی ڈیزائنر ماہ پارہ خان کا ڈیزائین کیا ہوا جوڑا پہنا۔
اس حوالے سے ہالینڈ میں موجود پاکستانی سفارت خانے نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا کہ ’یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ہالینڈ کی کوئین میکسیما نے پاکستانی ڈیزائنر ماہ پارہ خان کو اردن کے ولی عہد حسین کی شادی کے لیے اپنا لباس تیار کرنے کے لیے منتخب کیا!‘
ٹوئٹ میں مزید لکھا گیا کہ ’پاکستانی تخلیقی صنعت تفصیل، تخلیقی صلاحیتوں اور کام کی پیچیدگی پر توجہ دینے کے لیے عالمی سطح پر اپنی پہچان بنا رہی ہے‘۔
دوسری جانب، ماہ پارہ خان نے بھی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ملکہ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’مجھے اس حقیقت پر بے حد فخر ہے کہ پاکستان اور اس کے کاریگروں کی دستکاری اور تخلیقی صلاحیتوں کی عالمی سطح پر ایلی صاب، جینی پیکہم، پراڈا اور دیگر جیسے فیشن کے بڑے بڑے افراد کے ساتھ نمائندگی کی گئی‘۔
انہوں نے اپنی انسٹا پوسٹ میں امید ظاہر کی کہ ابھی جنوبی ایشیائی ملک پاکستان کے اور فنکار بھی عالمی سطح پر نمایاں ہوں گے۔