سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا ہے کہ کرکٹ کے تمام فارمیٹ کی بنیاد ٹیسٹ کرکٹ ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں سلمان بٹ نے کہا کہ اگر ہم ٹی10 کا کھلاڑی اٹھا کر ٹیسٹ میں رکھ لیں تو سلیکشن پر سوالات اٹھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں جو کھلاڑی جس فارمیٹ میں پرفارم کر رہا ہے اس کو وہاں موقع دیں۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ آئی پی ایل میں 7 لوکل اور 4 پروفیشنلز کھلاڑی کھیلتے ہیں جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں 11 ہی پروفیشنلز ہوتے ہیں، اس لیے بھارت مشکلات میں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے تمام فارمیٹ کی بنیاد ٹیسٹ کرکٹ ہے، جس کا تجربہ رکھنے والا ہر فارمیٹ میں کامیاب رہتا ہے، ہمیں اپنی ترجیحات میں ٹیسٹ کرکٹ کو شامل کرنا ہوگا۔
سلمان بٹ نے یہ بھی کہا کہ بڑے فارمیٹ کو چھوڑ کر چھوٹے فارمیٹ میں جانے والا کھلاڑی اپنے ساتھ زیادتی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز نے چھوٹے طرز کی کرکٹ کو ترجیح دی، آج وہ ون ڈے ورلڈ کپ کا کوالیفائینگ راؤنڈ کھیل رہے ہیں۔