جیسے جیسے دنیا بھر میں خشک سالی، گرمی کی لہر، سیلاب، طوفان، ٹراپیکل سائیکلون، جنگلات میں آگ، موسم سرما کے طوفان اور دیگر قدرتی آفات کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں، جو انسانوں اور املاک کو شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔ ایسے میں ماہرین اس بات پر تبادلہ خیال کرتے ہیں کہ بلڈنگ کوڈز، ٹیکنالوجی اور طوفان کے خلاف مزاحمت کو مزید تیز کرنے سے کیسے فرق پڑ سکتا ہے۔ بہت سے سائنسدانوں اور ماہرین کا خیال ہے کہ زیادہ کثرت سے شدید طوفان معمول بن سکتے ہیں۔
اگرچہ یہ پیش گوئی کرنا مشکل ہے کہ قدرت مستقبل میں مزید کیا منظر دکھائے گی لیکن ہم جانتے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے طوفانوں کی تعداد اور شدت میں اضافہ ہوتا رہے گا۔ اب جب کہ ہم موسم کو تبدیل نہیں کر سکتے، لیکن کچھ ایسی چیزیں ہیں جو عمارتوں کی حفاظت اور نقصانات کو کم کرنے کے لیے کی جا سکتی ہیں۔
مضبوط بلڈنگ کوڈز
سمندری طوفان اپنے پیچھے بے انتہا تباہی چھوڑ جاتا ہے اور یہ کوئی معمولی بات نہیں۔ ٹوٹی ہوئی چھتوں سے لے کر منہدم عمارتوں تک، موسم کی تباہ کاریوں سے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچانے کا امکان ہوتا ہے۔ تاہم، مضبوط بلڈنگ کوڈز اس بات کو یقینی بنانے کے بہترین طریقوں میں سے ایک ہیں کہ عمارتیں تباہیوں کا مقابلہ کرسکیں۔ امریکا کی ریاست فلوریڈا میں سمندری طوفانوں کے بعد بلڈنگ کوڈز میں تبدیلیاں کی گئیں جس کے بعد نئی تعمیرات نے مکانات اور عمارتوں کو نمایاں طور پر سمندری طوفانوں کے خلاف زیادہ مزاحمت والا بنادیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نقصانات کو کم کرنے کے لیے اگر صرف چھتوں کے حوالے سے بلڈنگ کوڈز کو مضبوط بنالیا جائے تو یہ بھی ایک اچھا اقدام ہوسکتا ہے۔ مثال کے طور پر، اگر چھت میں دراڑ پڑجائے تو اس کے ڈیک کو سیل کرنے سے پانی کو عمارت میں داخل ہونے سے روکا جاسکتا ہے۔ چھت کی تعمیر کے دوران یہ ایک چھوٹا سا خرچ ہے، لیکن یہ طویل عرصے میں لاکھوں روپے بچا سکتا ہے۔
امریکا کے انشورنس انسٹیٹیوٹ فار بزنس اینڈ ہوم سیفٹی نے ایک فورٹیفائیڈ پروگرام بنایا ہے۔ یہ تعمیراتی معیارات کا ایک مجموعہ ہے جو مخصوص قسم کے شدید موسم کے خلاف گھروں اور تجارتی عمارتوں کو مضبوط بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ معیارات کے مطابق مضبوط عمارتیں شدید طوفانوں کا مقابلہ کر سکتی ہیں۔
یہ معیارات فلوریڈا کے بلڈنگ کوڈز کی عکاسی کرتے ہیں، جنہوں نے IBHS مطالعہ میں اعلیٰ ترین درجہ حاصل کیا۔ فلوریڈا میں ساحل کے ساتھ تعمیر کیے گئے مکانات اور عمارتیں ایسے کوڈز کے ساتھ تعمیر کی جائیں گی جو کیٹیگری 3 کے سمندری طوفان سے ہونے والے نقصانات کے خلاف مزاحمت کرنے کے لیے IBHS کے فورٹیفائیڈ گولڈ اسٹینڈرڈ کی آئینہ دار ہوں گی۔
اسٹورم ہارڈننگ
اسٹورم ہارڈننگ ایک ایسا عمل ہے جس کے تحت نئے انفراسٹرکچر کو بنانے یا موجودہ انفراسٹرکچر کو دوبارہ تیار کرنے کے لیے تعمیرات کی جاتی ہیں تاکہ یہ شدید موسمی واقعات کو برداشت کرنے کے قابل ہو۔ بہت سے موجودہ گھر اور عمارتیں طوفان یا پانی کے نقصان کو برداشت کرنے کے لیے نہیں بنائی گئی ہوں گی، لیکن بنیادی ڈھانچے کو بہتر بناکر انہیں اس قسم کے نقصانات کو بہتر طریقے سے برداشت کرنے والا بنایا جاسکتا ہے۔
مثال کے طور پر فریمنگ کو تبدیل کرنا عمارت کو مضبوط بنا سکتا ہے اور سمندری طوفان یا تیز ہواؤں کے دوران ممکنہ نقصان کی مقدار کو کم کر سکتا ہے۔ عمارت کو آگ اور پانی کے نقصان سے بچانے کے لیے بھی اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔ اسی طرح مناسب نکاسی آب اور سیلاب سے بچاؤ کے لیے اقدامات کو یقینی بنانا تاکہ سامان کے نقصان کو کم سے کم کیا جاسکے۔ یہ ایک پیشگی لاگت ہے، لیکن مستقبل میں نقصان سے بچاسکتی ہے۔
یہ ایک اچھا خیال ہے کہ عمارت کا اسٹورم ہارڈننگ کے حوالے سے جائزہ لیا جائے۔ یہ آپ کو ایک نقطہ آغاز فراہم کرے گا کہ کن جگہوں پر کام کرنا ہے اور مزید کیا جا سکتا ہے۔ ان میں عمارت کا بیرونی حصہ، دیوار کی اقسام، چھت کی اقسام، کھڑکیاں، دروازے، بیرونی نکاسی آب، اور لینڈ اسکیپنگ شامل ہیں۔ عمارت کی میکینکل اور برقی ضروریات کو دیکھنا نہ بھولیں۔ یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ ہنگامی صورتحال میں بجلی کی بندش کے دوران جنریٹر بجلی فراہم کرنے کی کافی صلاحیت رکھتا ہے۔
ٹیکنالوجی کا استعمال
ٹیکنالوجی میں ہونے والی ترقی سے ایسے آلات اور تعمیراتی مواد سامنے آئے ہیں جو شدید طوفانوں میں عمارت کی حفاظت میں مدد کر سکتے ہیں۔ منسلک آلات عمارت کی نگرانی کرنے اور لیک والی جگہوں کی نشاندہی کرنے مدد کر سکتے ہیں۔ لیک کا پتہ لگانا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا۔ طوفان گزرنے کے بعد، ابتدائی نقصانات کی جانچ کرنا اور انھیں دستاویزی شکل دینا ہمیشہ اچھا ہوتا ہے۔ کبھی کبھی، طوفان میں آنے والا پانی بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
عمارت میں پانی داخل ہونے یا لیک ہونے کے انتباہات جاننے کے لیے پانی کے سینسر لگائے جاسکتے ہیں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ اگر عمارت کو پانی سے نقصان پہنچنے کی تاریخ رہی ہے، تو اس قسم کے آلات بڑے نقصان کو روکنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ کسی چیز کا پتہ نہ لگنے اور گھنٹوں گزرنے جانے کے مقابلے میں رساؤ کے فوری سدّباب کے قابل ہونے سے نقصان کے اخراجات میں فرق پڑتا ہے۔
عمارت میں مضبوط دیواریں یا شیٹر ریزسٹنٹ کھڑکیاں بھی لگائی جاسکتی ہیں۔ یہ پانی کو عمارت میں داخل ہونے سے روکنے میں مدد کرسکتی ہیں۔ نیز یہ سخت موسم کے دوران عمارت کے اندر موجود لوگوں کو بھی محفوظ رکھ سکتے ہیں اور اگر کھڑکی ٹوٹ جائے تو شیشہ ہر طرف نہیں بکھرتا۔