• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا میں کئی لوگ ’منیملسٹ لائف اسٹائل‘ یعنی کم سے کم چیزوں کے ساتھ زندگی گزارنےکے انداز کو ترجیح دے رہے ہیں لیکن مجموعی طور پر ہم ایک ایسی دنیا میں رہتے ہیں، جہاں کنزیومراِزم کو ایک اہم پالیسی کے طور پر فروغ دیا جاتا ہے۔ نتیجتاً، ہمارے گھر کئی ایسی اضافی چیزوں سے بھرے پڑے رہتے ہیں، جن کی شاید گھر میں کبھی ضرورت ہی نہیں ہوتی اور بہت کم انھیں کبھی استعمال میں لایا جاتا ہے۔

گھر میں لائی گئی ان تمام اضافی یا ضروری چیزوں کو رکھنے کے لیے اسٹوریج کی ضرورت پڑتی ہے۔ اگر آپ کچھ تخلیقی صلاحیتیں رکھتے ہیں تو اسٹوریج کے مقاصد کے لیے آپ اپنے گھر کی دیواروں کو بہترین استعمال میں لاسکتے ہیں۔تاہم گھر کی دیواروں کو اس مقصد کے لیے استعمال کرنا بھی ایک ہنر ہے، جو ہر کسی کو نہیں آتا۔

شیلف کا استعمال

گھر میں چیزیں رکھنے کا روایتی انداز شیلف رکھنا ہوتا ہے۔ اگر آپ دیوار کے لیے درست شیلف کا انتخاب کرتے ہیں تو آپ بہت سی چھوٹی چھوٹی چیزوں کو ناصرف ضائع ہونے سے بچاسکتے ہیں، بلکہ انھیں گھر کی خوبصورتی کے لیے بھی استعمال میں لاسکتے ہیں۔ اس کے لیے صنعتی ڈیزائن ایک اچھا انتخاب ہوسکتا ہے، جو بغیر کسی سپورٹ کے، عقب سے دیوار کے ساتھ چپکا ہوا ہو۔اس طرح آپ بڑی جگہ کو کور کئے بغیر بہت سادہ اور دلکش انداز میں نمائش کے لئے واضح جگہ بنا سکتے ہیں۔

اسٹوریج ڈبے

اسٹوریج کے لیے مختلف رنگوں اور مختلف سائز کے ڈبوں کا استعمال ایک زبردست خیال ہے،کیوں کہ یہ بےپناہ خوب صورتی اور دلکشی کے ساتھ اور اختیاری دروازوں کے ساتھ اسٹوریج کے لیے بہت سی جگہ بھی فراہم کرتے ہیں۔جس میں بہت سی چھوٹی چھوٹی چیزوں کو بآسانی رکھا جا سکتا ہے۔ آپ مربع شکل ہونے کی وجہ سے ان ڈبوں کو ماڈیولر نظام کے تحت مختلف شکلوں ،اسٹائلز اور ڈیزائنوں میں ترتیب دے سکتے ہیں۔

کچن ریک

باورچی خانہ میں برتن رکھنے کے لیے ایک اچھی خاصی جگہ اور بندوبست درکار ہوتا ہے۔ اس لیے کہتے ہیں کہ باورچی خانہ وہی اچھا ہوتا ہے، جس میں اسٹوریج کے لیے زیادہ جگہ ہو۔ اس سلسلے میں ہمارے پاس ایک بہترین تجویز یہ ہے کہ آپ باورچی خانے کے برتنوں کے لیے دیوار میں اسٹوریج کا انتظام کریں۔اس طریقہ کار سے نہ صرف ضرورت کے برتن آپ کی دسترس میں رہیں گے بلکہ دیوار میں خوبصورت انداز میں محفوط بھی رہیں گے۔ کون اس طرح کا پُرکشش باورچی خانہ نہیں چاہے گا؟

سائیکل بطور اسٹوریج پوائنٹ

سائیکل تقریباً ہر گھر میں موجود ہوتی ہے۔ غریب گھرانوں کے لوگ اسے جہاں سواری کے طور پر استعمال کرتے ہیں، تو کئی لوگ ورزش کے لیے سائیکل چلاتے ہیں۔ اگر آپ کے پاس بھی کوئی ایسی پرانی سائیکل ہو جسے اب کوئی نہ چلاتا ہو تو ایسی سائیکل کو دیوار کے پاس لے جائیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ ایک آرائشی ٹکڑے کی حیثیت اختیار کر جائے گی اور اس پر کئی ریک رکھ کر آپ ان میں کئی چیزیں رکھ سکتے ہیں۔

پنجرے کا خوبصورت استعمال

کئی گھروں میں پرندے ہوتے ہیں۔ اگر آپ کے گھر میں پرندے ہیں اور انھیں پنجروں میں رکھتے ہیں تو وہ اچھی خاصی جگہ گھیرے رہتے ہوں گے۔ اس کا ایک حل یہ ہے کہ پرندے یا پرندوں کو پنجرے میں ڈال کر اسے چھت یا دیوار کے ساتھ لٹکادیں۔ یہ عمل نہ صرف گھر میں دلکشی اور خوبصورتی لاتا ہے بلکہ جگہ کی کمی کو پورا کر کے خوبصورت پرندوں کو نمائش کے لئے بھی پیش کرتا ہے۔

دلچسپ باغ اور پودے

وقت گزرنے کے ساتھ عمودی باغات کا رجحان مقبول ہورہا ہے، کیونکہ یہ ایک چھوٹی سی جگہ کو سبزہ زار میں بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ صرف چند پودوں کو اپنی دیواروں میں ریکس یا لٹکتے ہوئے گلدانوں میں شامل کرکے آپ ایک سیدھی سادی اور بے رونق دیوار میں رنگ اور زندگی بھر سکتے ہیں۔

کافی ٹیبل میں اسٹوریج

آپ کے گھر میں چائے، کافی شوق سے پی جاتی ہے تو پھر آپ کے گھر میں کافی ٹیبل بھی ہونی چاہیے۔ اگر آپ یہ سوچ رہے ہیں کہ کافی ٹیبل آپ کے کمرے میں اضافی جگہ لے گی تو ایسا نہیں ہے، اس کے بجائے آپ کافی ٹیبل کے مختلف حصوں کو مختلف چھوٹی چھوٹی چیزوں کے اسٹوریج کے طور پر استعمال میں لاسکے۔ اس کے ساتھ ایسی میز کو خواب گاہ میں پلنگ کے اطراف کی میزوں کے طور پر بھی استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔

مشروبات رکھنے کی جگہ

اگر آپ مشروبات پینا پسند کرتے اور مخصوص بوتلوں کو جمع کرتے ہیں تو آپ کو جلد ہی باورچی خانہ میں ایک ایسا ریک بنانا چاہئے جس میں ان مشروبات کو خوبصورت انداز میں محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں دیوار پر مشروبات کا ایک ریک کامل احساس ہے۔

دھاتی اشیا کیلئے مقناطیسی بورڈ

مقناطیسی بورڈکا استعمال ایک شاندار تجویز ہے۔ اسے ضرور آپ کے کمرے میں نصب ہونا چاہیے،اگر آپ کمرے میں چیزوں کی بے ترتیبی سے فکر مند ہیں تو اس مقناطیسی بورڈ کی مدد سے دھاتی اشیا کو دلچسپ اندازمیں لٹکایا جاسکتا ہے۔