کنسٹرکشن مینجمنٹ فن اور سائنس دونوں ہے، اور یہ ایک ایسا کام ہے جو عام طور پر کرنا کافی مشکل ہوتا ہے۔ ایسا اس لیے ہے کیونکہ متعلقہ شخص کو متغیرات کی ایک وسیع رینج کو دیکھنا ہوتا ہے، اور کوشش کرنا اور اندازہ لگانا ہوتا ہے کہ ہر متغیر کا تعمیراتی منصوبے پر کیا اثر پڑے گا۔ مثال کے طور پر، کسی بھی تعمیراتی منصوبے کے دوران میں تعمیراتی منیجر کو مندرجہ ذیل باتوں کو مدنظر رکھنا ہوتا ہے۔
٭ تعمیراتی عمل میں حصے لینے والے مزدوروں اور دیگر عملے کی دستیابی پر نظر رکھنا (کیونکہ کوئی بیمار ہوسکتا ہے یا کسی بھی وجہ سے کام پر آنے سے معذرت کرسکتا ہے)
٭ کچھ تعمیراتی مواد ایسے وقت میں ’آؤٹ آف اسٹاک‘ ہوسکتے ہیں ، جب ان کی ضرورت ہوتی ہے
٭ کرین جیسے اہم آلات کی دستیابی یا عدم دستیابی
٭ آرکیٹیکٹس اور کلائنٹس کے ذریعہ موجودہ ڈیزائن میں کی گئی تبدیلیاں
٭ ایک وقت میں مختلف کاموں کو نمٹانا
٭ زمین کے نیچے بجلی کے تاروں کی حیران کن دریافت کا معاملہ دیکھنا، جن کے بارے میں کوئی نہیں جانتا تھا
٭ متعلقہ سرکاری حکام کی طرف سے معائنہ اور تاخیر کی اجازت طلب کرنا
ان تمام متغیرات کے درمیان باہمی تعلق ہوتا ہے اور ان کا تعمیراتی منصوبے پر اثر پڑتا ہے جو پراجیکٹ مینجمنٹ میں پیچیدگی پیدا کرتا ہے۔ یہ مشکلات کنسٹرکشن مینجمنٹ کو انتہائی چیلنجنگ بناتی ہیں لیکن اگر صحیح طریقے سے نمٹا جائے تو انتہائی فائدہ مند بھی ثابت ہوتی ہیں۔ ایک پروجیکٹ میں کنسٹرکشن مینجمنٹ مختلف افراد کے ذریعے انجام دی جاسکتی ہے جیسے کہ پروجیکٹ پر کام کرنے والے ٹھیکیدار، مالکان، آزاد کنسلٹنٹس، پروجیکٹ ڈیزائنرز، یا کسی پروجیکٹ میں سرمایہ کار وغیرہ۔
کنسٹرکشن شیڈولنگ
کنسٹرکشن شیڈولنگ دو مختلف اوقات میں کی جاتی ہے۔ سب سے پہلے منصوبے تیار ہونے کے بعد لیکن تعمیراتی سائٹ پر کام شروع ہونے سے پہلے تاکہ ایک ٹائم لائن پر کام کیا جاسکے اور منصوبے کے لیے تعمیراتی لاگت کا حساب لگایا جائے۔ دوم، یہ پروجیکٹ کی تکمیل کے دوران کی جاتی ہے، جب اصل شیڈول موسم، تاخیر یا کسی بھی وجہ سے طے شدہ شیڈول سے مختلف ہو سکتا ہے۔
اس صورت میں اسے پراجیکٹ مانیٹرنگ بھی کہا جا سکتا ہے۔ کنسٹرکشن شیڈولنگ ان لوگوں کو کرنی چاہیے جن کے پاس عمارت کی تعمیر کا بہترین علم ہو۔ یہ عام طور پر خصوصی سافٹ ویئر پر کی جاتی ہے جیسے Primavera یا Microsoft Project۔ کنسٹرکشن شیڈولنگ کا تقاضا ہے کہ یہ معلوم ہونا چاہیے کہ مطلوبہ نتائج کے لیے کن وسائل کی ضرورت ہے۔
کوالٹی کنٹرول
کنسٹرکشن مینجمنٹ کا سب سے مشکل حصہ کوالٹی کنٹرول ہے۔ تعمیراتی کام مشکل موسم، کام کی محدود جگہوں (جیسے شافٹ)، اور تھکن، ٹھنڈ یا گرمی اور باتھ روم تک محدود رسائی کے ساتھ غیرمحفوظ تعمیراتی مچان پر کام کرنے والے مزدوروں کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ ایسے میں کسی کام کو ختم کرنے کیلئے شارٹ کٹ لینا ان کیلئے آسان ہے۔ تاہم ایک کوالٹی کنٹرول سپروائزر کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ کام کی مختلف اشیا کے لیے معیار کی جانچ کیسے کی جاتی ہے، اس میں زمین کی کھدائی سے لے کر کنکریٹ، اسٹیل فیبریکیشن، ماربل یا پینٹ جیسے فنشنگ میٹریل اور الیکٹریکل اور پلمبنگ جیسی خدمات شامل ہیں۔
کوالٹی کنٹرول تکنیکی علم کا تقاضا کرتا ہے اور یہ سب سے بہتر یا تو انجینئرز، یا ایسے لوگوں کے ذریعے کیا جاتا ہے جن کے پاس تعمیراتی معیار کی نگرانی میں برسوں کی تربیت ہوتی ہے۔ اسے ان سوالوں کے جواب جاننا ہوں گے جیسے: کنکریٹ مکس میں پانی ڈالنے کا صحیح تناسب کیا ہے؟ یہ کیسے چیک کیا جائے کہ آیا لکڑی کا فورم ورک صحیح طریقے سے بچھایا گیا ہے اور بالکل برابر ہے؟ یہ کیسے یقینی بنایا جائے کہ تعمیر کے دوران عمارت کی جیومیٹری مسخ نہیں کی جارہی؟ اور عمودی شافٹ کو آگ سے مناسب تحفظ کیسے فراہم کیا جائے؟
کنٹریکٹ مینجمنٹ
کنٹریکٹ مینجمنٹ اُن معیاری مسائل سے نمٹتا ہے جو کسی تعمیراتی منصوبے کے دوران پیدا ہوتے ہیں۔ ان میں ٹھیکیدار کے بلوں کی جانچ اور انہیں باقاعدگی سے ادا کرنا اور پیش آنے والے متعدد مسائل سے نمٹنا شامل ہے، جیسے :
٭ ٹھیکیدار اسٹیل فراہم کرنے کے لیے اضافی ادائیگی کا مطالبہ کرتا ہے۔ اگرچہ اس کا معاہدہ 2021ء میں ہوا تھا، لیکن اسٹیل کی قیمت میں عالمی تبدیلیوں کی وجہ سے وہ 2023ء میں بہت زیادہ شرح پر اسٹیل خریدنے پر مجبور ہے۔
٭ ٹھیکیدار ملبے کی ڈمپنگ کے لیے اضافی ادائیگی کا مطالبہ کرتا ہے کیونکہ میونسپل ڈمپنگ گراؤنڈ بند کر دیا گیا ہے، اور ملبہ اب بہت دور کسی نئی جگہ پر لے جانا ہے۔
٭ ٹھیکیدار چند ماہ توسیع کا مطالبہ کرتا ہے کیونکہ آرکیٹیکٹس اور کلائنٹ نے پروجیکٹ کے دوران ڈیزائن میں تبدیلیاں کیں۔
پروکیورمنٹ مینجمنٹ
عمارت کی تعمیر میں پروکیورمنٹ ایک بہت بڑا جزو ہے۔ عمارتوں میں موجود تعمیراتی مواد کی وسیع ورائٹی کے بارے میں سوچیں: لائٹ فٹنگز، کھڑکیاں، دروازے، تالے، باتھ روم کی متعلقہ اشیا، بجلی کے تار، سوئچز، ایئر کنڈیشنگ ڈکٹ، واٹر پروفنگ، الیکٹریکل ٹرانسفارمرز، پمپس، پلانٹس، ساؤنڈ سسٹم، غرض یہ کہ فہرست لامتناہی ہے، جیسے ہر ایک آئٹم کا آرڈر دینا، اس کے لیے ادائیگی کرنا، اسے چیک کرنا، ٹرکوں سے اتارنا، محفوظ اسٹوریج میں رکھنا، اور تعمیراتی کارکنوں کو جاری کرنا وغیرہ وغیرہ۔
خراب اور ناقص اشیا کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ بہت سی اشیا دوسرے ممالک سے بھی منگوائی جاتی ہیں، جیسے کہ اطالوی ماربل، جرمن ڈور فٹنگ یا کینیڈین گلولم بیم، جن کیلئے کسٹم حکام اور کلیئرنس ایجنٹس سے بات چیت کرنی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ، یہ ضروری ہے کہ ہر شے سائٹ پر بالکل صحیح وقت پر پہنچ جائے، اگر یہ بہت جلدی آجائے تو اسے ذخیرہ کرنے کی جگہ نہیں ہوتی اور اگر دیر ہو جائے تو منصوبہ تاخیر کا شکار ہو جاتا ہے۔
کنسٹرکشن فنانس مینجمنٹ
ایک بڑے تعمیراتی منصوبے پر ماہانہ لاکھوں روپے اخراجات آسکتے ہیں۔ کسی پروجیکٹ کیلئے مالیات کی منصوبہ بندی کرنا مالکان اور ٹھیکیداروں دونوں کیلئے ایک اہم سرگرمی ہے۔ یہ منصوبہ بندی پراجیکٹ کے شیڈول کے بارے میں تفصیلی علم کا تقاضا کرتی ہے۔ ایک بار جب پراجیکٹ کے شیڈول کو صحیح طریقے سے سمجھ لیا جائے تو اس بات کا حساب لگایا جا سکتا ہے کہ پراجیکٹ کو وقت پر چلانے کیلئے ہر ہفتے کتنی رقم درکار ہوگی۔