• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین چیمپئنز ٹرافی کیلئے ہاکی فیڈریشن نے اسپورٹس بورڈ سے کتنے پیسے مانگے؟

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

ایشین چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اسپورٹس بورڈ سے 3 کروڑ روپے مانگے تھے، جس کے بعد اسپورٹس بورڈ کی جانب سے 2.5 کروڑ روپے جاری کردیے گئے ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈرشین کے سیکریٹری حیدر حسین نے گزشتہ روز اسلام آباد میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر فنانس اینڈ آڈٹ فیضان جنجوعہ اور اکاؤنٹس آفیسر محمد اکرام بھٹی سے 2.5 کروڑ کا چیک وصول کیا۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ہاکی فیڈریشن کو یہ رقم بھارت کے شہر چنئی میں کھیلی جانے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی کے لیے جاری کی ہےجوکہ 3 سے 12 اگست تک اس سال منعقد ہو گی۔

چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کے 45 کھلاڑیوں کا کیمپ ان دنوں نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری حیدر حسین نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر شعیب کھوسو کو ایشیئن چیمپئنز ٹرافی اور عمان کے شہر صلاح میں منعقدہ ایشین جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کے ڈیلی الاؤنس کی مد میں 3 کروڑ روپے کی سمری بنا کر دی تھی۔

البتہ، اسپورٹس بورڈ نے 2.5 کروڑ روپےجاری کیے ہیں جس میں جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کے کھلاڑیوں کے ڈیلی الاؤنس کی رقم بھی شامل ہے۔

ایشیئن چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم بھارت واہگہ کے راستے روانہ ہوگی ۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید