بھارتی ریاست گجرات کے ساحلی علاقوں میں طوفان کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، 2 افراد ہلاک جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
بھارتی حکام کے مطابق ساحلی اضلاع میں پانی سڑکوں پر موجود ہے، 1500 دیہات بجلی سے محروم ہیں۔
طوفان سے بجلی کے کئی کھمبے گرگئے، جس کے نتیجے میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سڑکیں ٹوٹ گئیں، پانی کی فراہمی معطل ہے۔
طوفان کے باعث 700 سے زیادہ مکانات کو مکمل یا جزوی نقصان پہنچا، ساحلی اضلاع سے لوگوں کے انخلا کی وجہ سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا، ساحلی اضلاع سے ایک لاکھ سے زائد افراد کا انخلا کرا لیا گیا تھا۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ شمالی علاقوں میں آج بھی بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
خیال رہے کہ سمندری طوفان بپرجوائے گجرات کے ساحلی اضلاع سے جمعرات کی رات ٹکرایا تھا۔