بھارتی ریاست اتر پردیش کے بالیہ نامی علاقے کے اسپتال میں اچانک اموات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اس حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ مریضوں کو بخار، سانس لینے میں تکلیف اور دیگر مسائل پر اسپتال لایا گیا اور 72 گھنٹوں کے دوران 54 افراد انتقال کرگئے، جس کے بعد اسپتال انتظامیہ نے اسٹاف کو الرٹ کردیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ چار سو افراد کو شدید گرم موسم کے دوران گزشتہ تین دنوں کے دوران اسپتال لایا گیا، ان اموات پر مقامی محکمہ صحت مختلف وضاحتیں پیش کر رہا ہے۔
حکام کے مطابق 15 جون سے یہ سلسلہ جاری ہے اور اس دن 20 افراد جبکہ اگلے دن 11 اور کل 23 اموات رپورٹ ہوئیں۔
اسپتال میں متعین ڈاکٹرز ان اموات کی وجہ ہیٹ ویو (شدید گرمی کی لہر) کو قرار دے رہے ہیں۔
تاہم ان اموات کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی کمیٹی کے لکھنو سے رکن اور سینئر ڈاکٹر نے ہیٹ ویو کو وجہ ماننے سے انکار کر دیا اور کہا کہ قریب کے دیگر اضلاع میں ایسی صورتحال نہیں، تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسکی وجہ ناقص پانی کا استعمال ہوسکتا ہے۔