کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک بنگلے میں لڑکی کی پراسرار ہلاکت کا اہم ملزم فرار ہوگیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ اسد رضا نے تصدیق کی ہے کہ ڈیفنس کراچی کے بنگلے میں لڑکی کی پُراسرار ہلاکت کا اہم ملزم سمیر فرار ہوگیا ہے۔
اسد رضا کے مطابق 24 جون کو لڑکی کی لاش پنکی نامی خاتون اور جبران عرف جیری جناح اسپتال چھوڑ کر گئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق جبران عرف جیری کو گرفتار کر کے سی سی ٹی وی کی مدد سے گاڑی بھی برآمد کرلی ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق 22 جون بنگلہ بک کرانے والے ملزم کی نشاندہی ہوگئی ہے، فرار ملزم کا لندن اور دبئی میں کاروبار ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کی شناخت سمیر کے نام سے ہوئی ہے، جس نے ایپ کے ذریعے بنگلہ کرائے پر حاصل کیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے گھر پر منشیات کا استعمال کیا، مبینہ طور پر خاتون کی موت نشہ آوور اشیاء کے استعمال سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے روز ہی ملزم سمیر برطانیہ فرار ہوگیا تھا، اس کا ملازم بھی واقعے میں ملوث اور مفرور ہے۔
پولیس کے مطابق 24 جون کو خاتون کی لاش جناح اسپتال لانے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔