مظفرآباد(نامہ نگار) بے نظیر بھٹو شہید کا 63واں یوم ولادت آزادکشمیر میں بھی انتہائی عقیدت واحترام نظریاتی جوش وخروش منایا گیا،آزاد کشمیر بھر میں مختلف تقریبات میں شہید قائدین کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا،سا لگرہ کی ایک اہم تقریب وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے نو منتخب مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید تھے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شوکت جاوید نے کہاکہ پاکستانی اور کشمیری کروڑوں نظریاتی وارثوں سمیت دنیا بھر کے جمہوریت پسندوں کے کندھوں پر شہیدوں کا قرض بھی ہے اور فرض بھی کہ وہ پاکستان میں 2018کے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کو 1977کی طرح کامیاب بنائیں کیونکہ پیپلزپارٹی ریاستی تشخص،ملکی وقار ،ناقابل تسخیر دفاع ،ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول ،آئین قانون کی بالادستی ،جمہوریت کے استحکام،صوبائی تعصب،فرقہ واریت کے خلاف اور مضبوط وفاق کے لیے اپنی چار نسلوں سمیت بے شمار انسانی جانوں کی قربانیاں پیش کرنے والی عالمی شہرت یافتہ جمہوری نظریاتی تحریک ہے،بینظیر بھٹو نے آمروں کی طرف سے بار بار سودے بازی کے فارمولوں کو پاؤں تلے روند کر تحریری معافی ناموںاور معاہدوں کے بجائے شہادت کو ترجیح دے کر اپنے آپ کو ہمیشہ کے لیے تاریخ میں امر کردیا ،انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملکی وقومی مفادات کے لیے خون کا نذرانہ پیش کیالیکن کسی بھی طالع آزما کے سامنے سرنہیں جھکایا شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر اس وقت رکھی جب معاہدہ تاشقند کی آڑ میں کشمیر کو تقسیم کیا جارہا تھا، انہوں نے اقتدار میں آکر 1973کا متفقہ آئین دے کر قوم کو پہچان دی اور ایٹمی پروگرام حاصل کر کے دفاع کا ناقابل تسخیر بنادیا اسی طرح بے شمار اصلاحات کرتے ہوئے دنیا بھر میں پاکستان کو برابری کی بنیاد پر باعزت مقام دلوایا۔تقریب کے اختتام پر ایک متفقہ قرار داد کے ذریعے شہید ذوالفقار علی بھٹو ، بے نظیر بھٹو کی انتھک قومی عالمی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، محترمہ فریال تالپور ، صدر پی پی آزادکشمیر وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کااظہار کرتے ہوئے انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا اور حکومت آزادکشمیر کی پانچ سالہ شاندار کارکردگی کو آزادخطہ کی 60سالہ تاریخ کا سنہری دور قراردیتے ہوئے 21جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں دوبارہ کامیابی سے تعبیر کیا جبکہ تقریب میںپاکستان کی سلامتی کشمیر کی آزادی قائد عوام، دختر مشرق شہداءجمہوریت، شہداءافواج پاکستان، شہداءکشمیر شہداءناگہانی آفات کے لیے رمضان المبارک کے مقدس ماہ کے توسط سے خصوصی دعائیں کیں گئیں۔