• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی( اسٹاف رپورٹر) حج بیت اللہ کی ادائیگی کے بعد پاکستانی حاجیوں کی وطن واپسی سے شروع ہوگئی،پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کے پہلے روز اتوار کو 1300 سے زائد حجاج کرام کو سعودی عرب سے وطن واپس پہنچایا گیا ۔ترجمان کے مطابق پہلے دن پی آئی اے کی پروازوں سے جدہ سے کراچی 377 حجاج، اسلام آباد 392، لاہور 323 حجاج اور پشاور 276 حجاج پہنچے ۔کراچی ائیرپورٹ پر حجاج کرام کو گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور پی آئی اے ائیرپورٹ منیجر جاوید پہچوہو اور پیسنجر ہینڈلنگ سروسز کے افسران نے استقبال کیا اور مبارکباد پیش کی۔لاہور ائیرپورٹ پر پی آئی اے کے اسٹیشن مینیجر علی عباس شاہ، ائیرپورٹ حکام اور دیگر ائرلاین انتظامیہ نے حجاج کا استقبال کیا۔ اسلام آباد ائیرپورٹ پر وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ مسافروں کے ساتھ جدہ سے پہنچے۔ انہوں نے خود مسافروں کا پاکستان میں استقبال کیا۔ جبکہ پی آئی اے کی پشاور آنے والی حج پرواز کے حجاج کا پی آئی اے اور ائیرپورٹ انتظامیہ نے استقبال کیا ۔تمام ائیرپورٹس پر پی آئی اے کی جانب سے پھولوں کے ہار پیش کئے گئے ۔ پی آئی اے 268 پروازوں کے ذریعے سے 61،467 حجاج کو وطن واپس پہنچاے گا ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ بعد از حج پروازوں کے ذریعے سے تقریبا 41 ہزار سرکاری حجاج، 19 ہزار پرائیوٹ حجاج اور 600 خدام مدینہ منورہ اور جدہ سے وطن واپس لائےجائیں گے ۔پی آئی اے کی بعد از حج پروازیں کراچی، اسلام آباد، لاہور ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور پشاور براہ راست پہنچیں گی۔ پی آئی اے نے جدہ حج ٹرمینل پر حجاج کرام کی وطن واپس روانگی کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں ۔ واضح رہے کہ پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 2 اگست تک جاری رہے گا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید