کراچی(اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف کے کراچی کے صدر محمد اکرم چیمہ کے پارٹی سے الگ ہونے کے بعد سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان کی قیادت میں تحریک انصاف کراچی کی 17 رکنی کراچی نگران کمیٹی قائم کردی ہے ، کمیٹی کو 7 دن میں اضلاع میں تنظیم سازی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ تحریک انصاف کے رہنماء سبحان علی ساحل نے صوبائی صدر پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن لوگوں پر ٹکٹ بیچنے کا الزام ہے ، انہی کو ذمہ داری دی گئی ،کل تک جو پارٹی کا سودا کرتے رہے، وہی ایک بار پھر عہدوں پر براجمان ہیں۔ ملک سے مفرور یا روپوش افراد کو عہدے دئے گئے ہیں اور کارکنوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ 2 جولائی کو تحریک انصاف سندھ کے جنرل سیکریٹری علی پلھ ایڈووکیٹ کے نوٹیفکیشن اور سیکریٹری اطلاعات جعفر الحسن کے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی منظوری سے سندھ کے صدرحلیم عادل شیخ نے تحریک انصاف کراچی ڈویژن کیلئے 17 رکنی نگران کمیٹی قائم کر دی ہے ۔ کراچی نگران کمیٹی میں خرم شیر زمان کو کوآرڈینیٹر ، جبکہ ڈاکٹر شہاب امام ایڈووکیٹ کو سیکریٹری کمیٹی مقرر کیا گیا ہے۔ ممبران میں سابق ارکان قومی اسمبلی عالمگیر خان، عطاء اللہ خان، فہیم خان، آفتاب جہانگیر، ارکان سندھ اسمبلی ارسلان تاج گھمن ، ڈاکٹر سعید آفریدی، راجہ اظہر خان ،پارٹی رہنماء مبشر حفیظ الحق، حاجی مظفر شجراح، ڈاکٹر مسرور سیال، ایڈووکیٹ عبد الوہاب بلوچ، ایڈوکیٹ شجاعت علی ،ایڈوکیٹ ماہ جبین راجپوت ، جعفرالحسن اورگوہر خٹک شامل ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق کراچی نگران کمیٹی ایک ہفتے کے اندر کراچی کے 7اضلاع کے عہدیداروں کے نام فائنل کرے گی ،ضلعی تنظیم مکمل ہونے کے بعد ٹائون، یوسی اور بلاک کوڈ سطح تک تنظیم کو مکمل کیا جائےگا۔