ملتان(سٹاف رپورٹر) این ایل بائی پاس پر مکان میں دھماکے سے 2سی ٹی ڈی اہلکار زخمی ہو گئے ،ذرائع کے مطابق مال مقدمہ ڈی فیوز کرتے ہوئے آتش گیر مادہ دھماکے سے پھٹ گیا ،زضمی عصمت اللہ اور خالد کو نشتر داخل کرا دیا گیا ،واقعے کی تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ،تفصیل کے مطابق این ایل بائی پاس کے نزدیک واقع ابن سینا کالج کے سامنے ایک بڑے مکان میں زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور اہل علاقہ خوفدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔ اطلاع پر ملتان پولیس کی بھاری نفری سی پی او ملتان اظہر اکرم کی سرکردگی میں موقع پر پہنچ گئی آتش گیر مادہ کے پھٹنے کے باعث زمین میں گڑھا پڑ گیا،سی ٹی ڈی کے زخمی دو ملازمین عصمت اللہ خان اور خالد فوجی کو نشتر منتقل کیا گیا ہے ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی نے آتش گیر مادہ اس مکان میں رکھا ہوا تھا جو کہ مال مقدمہ تھا اور ڈی فیوز کرتے ہو پھٹ گیا جبکہ دوسری جانب، سی ٹی ڈی کے بیان کے مطابق آتش گیر مادہ خانیوال سے ملتان منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں این ایل بائی پاس پر اہلکار مکان پر رک گئے کہ اچانک آتش گیر مادہ دھماکے سے پھٹ گیا جس سے دونوں زخمی ہو گئے، اہل علاقہ کے مطابق مکان کرائے پر حاصل کیا گیا ہے جہاں پر رات کو بڑی بڑی گاڑیاں آتی جاتی رہتی ہیں اور اس مکان کی سیکورٹی بھی سخت ہوتی ہے، سی پی او ملتان اظہر اکرم کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کیلئے ٹیم بنا دی گئی ہے، اصل حقائق تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ آنے کے بعد سامنے آسکیں گے