کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں قبرستان کیلئے جگہ کی کمی پوری کی جائے گی، ضلع کیماڑی میں 2سو ایکڑ اراضی قبرستان کے لئے مختص کی گئی ہے، بہت جلد اس جگہ ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا جائے گا، ضلع ملیر میں بھی جلد قبرستان کے لیے جگہ حاصل کی جارہی ہے، وہ پیر کو شہر میں قبرستانوں کی موجودہ صورت حال اور نئے قبرستانوں کی تعمیر کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے تھے، جس میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور دیگر موجود تھے، ڈپٹی کمشنر کیماڑی نے میئر کو قبرستانوں کے حوالے سے بریفنگ دی، میئر کراچی نے کہا کہ کیماڑی میں ماڈل قبرستان بنانے کاکام جلد شروع کردیاجائے گا، مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے میں شہریوں نے قبرستان کی جگہوں کی کمی کی نشاندہی کی ہے شہر میں موجود قبرستانوں کی حالت بھی بہتر بنائی جائے گی اور قبرستانوں کی چار دیواری کی تعمیر و مرمت اور وہاں پانی اور روشنی کے انتظامات کئے جائیں گے۔