پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو 9 مئی کے واقعات میں دہشتگردی ایکٹ کے تحت مزید 6 مقدمات میں نامزد کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تین مقدمات 9 مئی اور تین مقدمات 10 مئی کو درج کیے گئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو فیصل آباد اور راولپنڈی میں درج دو، دو مقدمات میں نامزد کیا گیا۔
عمران خان کو گوجرانوالہ اور میانوالی میں بھی درج ایک، ایک مقدمے میں نامزد کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی فیصل آباد میں تھانہ سول لائنز اور سمن آباد میں درج مقدمات میں نامزد ہیں۔ وہ راولپنڈی میں تھانہ آر اے بازار اور نیو ٹاؤن میں درج مقدمات میں بھی نامزد ہیں۔
میانوالی کے تھانہ سٹی اور گوجرانوالہ کے تھانہ کینٹ میں درج مقدمات میں بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو نامزد کیا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے بیانات کی روشنی میں نامزد کیا گیا۔
تمام مقدمات تھانوں کے پولیس افسران کی مدعیت میں درج کیے گئے ہیں، جے آئی ٹی کو تمام مقدمات میں تفتیش کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کو کیسز کی تفصیلات موصول ہوگئیں۔
راولپنڈی: جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ کے مقدمات میں بھی نامزد
9 مئی کو راولپنڈی میں جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اورجی ایچ کیو پر شرپسندوں کے حملے کے واقعات میں بھی چئیرمین پی ٹی آئی تھانہ آر اے بازار اور تھانہ نیوٹاؤن میں درج مقدمے میں بھی نامزد کردیا گیا۔
جی ایچ کیو حملے کے مقدمے میں راجہ بشارت سمیت 15 افراد پہلے ہی نامزد ہیں۔