پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان کو بطور بیٹر سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کھلانے کی تجویز زیرِ غور ہے۔
کپتان بابر اعظم کی قیادت میں 16 ارکان پر مشتمل کرکٹ ٹیم سری لنکا میں موجود ہے جہاں اسے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 2 میچ کھیلنے ہیں۔
16 جولائی سے پہلا ٹیسٹ گال میں شروع ہوگا جس کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ نائب کپتان محمد رضوان جن کی سرفراز احمد کی اسکواڈ میں شمولیت کے بعد بطور وکٹ کیپر ٹیم میں جگہ حاصل کرنا مشکل دکھائی دے رہا ہے، انہیں بطور اسپیشلسٹ بیٹس مین گال ٹیسٹ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
31 سالہ محمد رضوان نے 27 ٹیسٹ کی 43 اننگز میں 38.13 کی اوسط سے 1373 رنز 2 سنچریوں اور 7 نصف سنچریوں کی مدد سے اسکور کیے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جہاں انہوں نے 4 اننگز میں 3 نصف سنچریوں اور ایک سنچری بنا کر سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
اس پرفارمنس پر کپتان بابر اعظم سر ی لنکا روانگی سے پہلے کہہ چکے ہیں کہ سرفراز احمد بطور وکٹ کیپر ان کی فرسٹ چوائس ہوں گے تاہم اب اطلاعات ہیں کہ محمد رضوان جنہیں ناقص بیٹنگ پرفارمنس پر ٹیم سے ڈراپ کیا گیا تھا، انہیں گال ٹیسٹ میں بطور اسپیشلسٹ بیٹس مین کھلانے کی تجویز ہے۔
محمد رضوان نے نومبر 2016ء میں اظہر علی کی قیادت میں پہلا ٹیسٹ بطور بیٹس مین ہی کھیلا تھا جہاں پہلی اننگز میں وہ صفر پر آوٹ ہوئے تھے جبکہ دوسری اننگز میں وہ 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہوئے تھے۔
ہیملٹن کے اس ٹیسٹ میچ میں سرفراز احمد بطور وکٹ کیپر کھیلے تھے۔