لاڑکانہ ( بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ملک میں جمہورہت کے لئے بے مثال قربانیاں دیں جان قربان کر کے عوام سے محبت کا لازوال ثبوت دیا ہے۔ وہ منگل کی سہ پہر نودیرو ہائوس میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی 63 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کو بیرون ملک سے واپس آنے سے روکا گیا مگر وہ ایک نڈر اور بہادر رہنما کی حیثیت سے ملک میں واپس آئیں۔ ان کے ملک میں داخل ہوتے ہی ان کے قافلے اور استقبالی جلوس پر حملہ کر کے ایک سو چوہتر کارکنوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا مگر انہوں نے خوفزدہ ہونے کے بجائے بہادری سے سیاست جاری رکھی۔انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنی شہید قائد کی سالگرہ کے موقع پر ان سے تجدید عہد وفا کرتے ہیں اور ان کے مشن کی تکمیل کے بھرپور عزم کا اظہار کرتے ہیں۔ سالگرہ کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کئی بار جئے بھٹو اور جئے بے نظیر بھٹو کے نعرے لگوانے کی کوشش کی لیکن پنڈال میں موجود کارکنوں کی سرد مہری پر انہوں شدید غصے کا اظہارکیا۔ دوسری جانب افطار کے موقع پراذان مغرب سے قبل ہی کارکن کھانے پر ٹوٹ پڑے اور پوری تقریب میں موجود کارکن کھانہ حاصل کرنے کے لئے دھینگا مشتی کرتے رہے۔ اس موقع پر محترمہ بے نظیر بھٹو کی صاحبزادیاں بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے سالگرہ کا کیک کاٹا اور اسٹیج کے قریب موجود کارکنوں میں گھل مل گئیں۔ان کے ساتھ کئی کارکنوں نے سیلفیاں بھی بنائیں۔ آصفہ بھٹوزرداری اور بختاور بھٹو زرداری نے محترمہ بے نظیر بھٹو کے مزار پر گڑھی خدا بخش میں حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔دریں اثنا شہید بینظیر بھٹو کی 63ویں سالگرہ کے موقع پر ان کی صاحبزادی بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری موئن جو دڑو ائیر پورٹ سے گڑھی خدابخش پہنچیں۔ انہوں نے اپنے نانا، والدہ اور اپنے ماموں اور نانی کے مزارات پر حاضری دی پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ بعدازاں انہوں نے سالگرہ کے پرگرام میں شرکت کے لیئے نوڈیرو ہاؤس پہنچیں۔سالگرہ کی مرکزی تقریب نوڈیرو میں ہوئی جہاں کیک کاٹا گیا، نواب شاہ پیپلز سیکریٹریٹ میں بھی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ مختلف رہنمائوں نے تقریب میں شرکت کی۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ عام آدمیوں کے لیئے راستے بند کردیے گئے راستے بلاک ہونے کی وجہ سے آنے جانے والے لوگوں کو سخت گرمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔نوڈیرو میں پی پی رہنماؤں کے بڑی تعداد نے مزار پر حاضری دی اور قرآن خوانی میں شرکت کی قرآن خوانی ہونے کے بعد شہید بے نظیر بھٹو کے روح کو ایثال ثواب کے لیئے اجتماعی دعا کی گئی۔