اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکومت کی عوامی مسائل و مشکلات، مجلس وحدت المسلمین کے 40 روز سے جاری بھوک ہڑتال یا کسی بھی شعبے کے پرامن احتجاج پر کوئی توجہ ہے نہ پروا، اس نے اپنی تمام تر توجہ آئندہ عام انتخابات میں دھاندلی کیلئے مرکوز کر رکھی ہے۔ یہ لوگ 40دن سے انصاف کے حصول کیلئے وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کر رہے ہیں لیکن حکومت کہاں ہے، کسی کے ساتھ ظلم یا زیادتی نہیں ہونی چاہئے، 2013ء والی غلطی نہ دہرائی جائے،وہ مجلس وحدت المسلمین کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کے ناموں پر باقاعدہ بحث اور ان کے انتخاب میں تمام پارلیمانی جماعتوں کا اتفاق رائے ضروری ہے اور اس کیلئے اپوزیشن لیڈر کو چاہئے کہ وہ تمام جماعتوں کو پارلیمانی کمیٹی میں نمائندگی دیں، موجودہ طریقہ کار جاری رہا تو اگلا الیکشن بھی دھاندلی زدہ ہو گا اور 2013ء کی طرح ہمارے خدشات درست ثابت ہوں گے۔چوہدری پرویزالٰہی نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی غلام سرور خاں کی رہائش گاہ پر ان کے بھائی صدیق خاں ایم پی اے کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔