کراچی(جاوید رشید) قومی اسمبلی اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستا ن اپنے پارلیمنٹ سمیت تمام قومی اورعالمی فورمز پر مسئلہ کشمیرکو اجاگر کرتا رہے گا، کشمیریوں کی حق خو دارادیت جدوجہد کیلئے سیاسی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے،بھارت خطے میں امن چاہتا ہے تو اسے مسئلہ کشمیر حل کرنا ہو گا، پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے پشت پر کھڑی ہے ،انہیں کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑے گی ،اسپیکر گزشتہ روز اپنے چیمبر میں کل جماعتی حریت کانفر نس کے ایک وفد سے گفتگو کررہے تھے جس کی قیادت حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء و جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے سربراہ ظفر اکبر بٹ کررہے تھے اس موقع پر پاکستان کے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق بھی موجود تھے ،حریت کے وفد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آذاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی ،حریت کے رہنماء ، الطاف احمدبٹ،راجہ خادم حسین ،شیخ عبدالمتین اور سردار عظیم شامل تھے،اس موقع پر حریت رہنماء ظفر اکبر بٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی کو کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کچلنے کیلئے ظلم وتشدد کے ہر ہربے آزمائے لیکن کشمیریوں کے بلند حوصلوں کے سامنے بھارتی تمام ہربے ناکام ہوگئے ،انہوں نے کہا کہ بھارت کی آٹھ لاکھ کے قریب فوج نے کشمیریوں کا جینا حرام کررکھاہے اب نوجوانوں کا خاص کر قتل عام کیا جارہا ہے لیکن عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے ظفر اکبر بٹ نے کہا کہ بھارت اب کشمیرمیں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے مذموم منصوبے پر عمل پیرا ہے اس کے لئے اس نے کشمیر میں فوجیوں اور پنڈتوں کیلئے علیحدہ کالونیوں کی تعمیر کا منصبوبہ بنایا ہے ،انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس بھارت کے اس منصوبے کیخلاف سخت مزاحمت کرے گی اور اس کو کبھی بھی عملی جامہ نہیں پہنانے دے گی ،انہوں نے حکومت پاکستان کا کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی بھرپور طریقے سے کشمیری عوام کی ہر فورم پر وکالت کرے گی،اس موقع پر اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ کشمیر ی عوام اپنی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں اکیلے نہیں ہیں پوری پاکستانی قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے اور انہیں کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑے گی،انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے مسئلہ کشمیر کا ایسا پرامن حل کا حامی رہا جواقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے عین مطابق ہو ،انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ طاقت کی بجائے مزاکرات کاراستہ اختیار کرے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دے جس کا اس نے خو د ان سے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں وعدہ کررکھا ہے ،انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے بھارت اگر خطے میں امن چاہتاہے تو اسے مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پاکستان مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گااس موقع پر حریت وفد نے اسپیکر اسمبلی کا گزشتہ دولت مشترکہ اسپیکرز کانفرنس میں کشمیر کے حوالے سے ٹھوس موقف اپنانے پر بھی انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔