اسرائیل کی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ بھارت میں شدید سیلاب کی وجہ سے 120 اسرائیلی شہریوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
شمالی بھارت میں شدید مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد 120 اسرائیلی شہریوں سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔
دہلی میں موجود اسرائیلی سفارتکار کے مطابق اب تک شمالی بھارت میں 120 اسرائیلی شہری رابطے میں نہیں ہیں۔ سفارتخانہ، دیگر اسرائیلی افراد اور مقامی حکام لاپتہ شہریوں سے رابطے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسرائیلی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بیرون ملک موجود اسرائیلیوں کی مدد کیلئے قائم محکمے کو پچھلے چند گھنٹوں کے دوران لاپتہ ہونے والے شہریوں کے متعلق کئی انکوائریاں موصول ہوئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ دہلی میں واقع قونصل خانہ کے مطابق اس کی وجہ خراب موسم کے باعث مواصلاتی نظام میں خرابی ہے، متعدد علاقوں میں سگنلز نہیں آرہے ہیں۔
اسرائیلی وزارت خارجہ نے کہا کہ دیگر تمام فریقین کے ساتھ اسرائیلی سیاحوں سے رابطے کی کوشش کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی حکام سیاحوں کو سڑکوں پر نکلنے سے منع کر رہے ہیں۔
ملک کے شمال میں جاری شدید سیلاب سے درجنوں افراد ہلاک ہوئے، کئی پُل تباہ ہوچکے، سڑکیں بلاک اور عمارتیں ٹوٹ گئی ہیں۔