آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ کو امریکا میں بین الاقوامی کلچرل ایوارڈ سے نوازا گیا۔
یہ ایوارڈ انہیں پاکستان میں ثقافت، ادب اور فنون لطیفہ کی ترقی، فروغ اور بین الاقوامی کمیونٹی سے تعلق بنانے میں پُل کا کردار ادا کرنے اور غیر معمولی خدمات انجام دینے پر دیا گیا۔
احمد شاہ اِن دنوں امریکا کے دورے پر ہیں، یہ ایوارڈ کیلیفورنیا میں سینیٹر باب آرچولیٹا اور امریکا میں متحرک ادبی اور فلاحی ادارے فرینڈز آف پاکستان نے انہیں تفویض کیا۔
امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں فرینڈز آف پاکستان کے نمائندگان اور کیلیفورنیا کے سینیٹر باب آرچولیٹا بھی شریک تھے۔
اس موقع پر سینیٹر باب آرچولیٹا نے کہا کہ ادب اور فن کیلئے احمد شاہ کی خدمات قابل ستائش ہیں۔
احمد شاہ نے کہا کہ ادب اور فنون لطیفہ ہی دنیا کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑ سکتا ہے اور ثقافت و ادب پر توجہ دے کر دنیا میں امن قائم رہ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں بین الاقوامی کلچرل کانفرنس منعقد کرنے پر کام ہو رہا ہے جس میں دنیا بھر کی ثقافتی شخصیات اور ماہرین کو دعوت دی جائے گی۔
احمد شاہ نے مزید کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان نہ صرف پاکستانی ادب و ثقافت کے فروغ اور ترویج میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے بلکہ یہ پاکستان کا واحد ثقافتی ادارہ ہے جو دنیا کے ساتھ منسلک ہے۔