• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں سرمایہ کاری پر بیلجیئم و لکسمبرگ کی کمپنیوں کا ویبینار

— تصویر بشکریہ رپورٹر
— تصویر بشکریہ رپورٹر

برسلز میں پاکستانی سفارت خانے نے فیڈریشن آف بیلجیئم چیمبرز آف کامرس اور پاکستان میں موجود بیلجیئم-لکسمبرگ چیمبرز کے تعاون سے ویبینار کا انعقاد کیا۔

یہ ویبینار بیلجیئم اور لکسمبرگ کی کمپنیوں کے لیے منعقد کیا گیا جس کا عنوان ’پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع‘ تھا۔

ویبینار کے پینل میں اسلام آباد میں بیلجیئم کے تجارتی کمشنر، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے جوائنٹ سیکریٹری اور پاکستان، بیلجیم، لگسمبرگ بزنس فورم کے صدر شامل تھے۔

بیلجیئم اور لکسمبرگ کی 30 سے ​​زائد کمپنیوں نے ویبینار میں شرکت کی اور پاکستان کی اقتصادی اور سرمایہ کاری کی صلاحیت کو تلاش کرنے میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر برسلز میں پاکستانی سفارت خانے کے تجارت اور سرمایہ کاری کے اتاشی محمد بلال نے پاکستان میں دستیاب متنوع تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں ایک بھرپور پریزنٹیشن پیش کی۔ 

پریزنٹیشن میں مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی، زراعت اور قابلِ تجدید توانائی جیسے ترقی کے اہم شعبوں پر روشنی ڈالی گئی۔

اس کے ساتھ ہی پاکستان کے اسٹریٹجک جغرافیائی محلِ وقوع، جدید انفرااسٹرکچر اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے بنائی گئی پالیسیوں پر بھی زور دیا۔

یہ ویبینار پاکستان، بیلجیئم اور لکسمبرگ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو بڑھانے اور باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری کو فروغ دینے میں ایک اہم قدم ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید