پاکستانی اداکارہ حرا مانی نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ کھبی اداس ہوتی ہیں تو ہانیہ عامر کا انسٹاگرام دیکھ لیتی ہیں۔
اداکارہ حرا مانی ڈرامہ اسکرین پر مختلف کرداروں میں نظر آتی رہی ہیں۔
اُنہوں نے ہارر، کامیڈی سمیت سنجیدہ کردار بھی نبھائے ہیں جبکہ گلوکاری کے میدان میں بھی اِنہیں سننے والوں نے سراہا ہے، البتہ ڈرامہ اسکرین سے نکل کر حرا مانی نے سلور اسکرین پر انٹری دے دی ہے اور فلم ’تیری میری کہانیاں‘ میں وہ ہدایتکار نبیل قریشی کی مختصر، ہارر کامیڈی فلم ’جن محل‘ میں اپنے شوہر، سلمان ثاقب شیخ (مانی) کے ساتھ نظر آئی ہیں۔
جیو ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں حرا نے اپنے اداکاری کے سفر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے بہت سے کردار نبھائے ہیں لیکن ڈرامہ سیریل ’کشف‘ میں کشف کا مرکزی کردار میرا پسندیدہ رہا ہے اس کردار کو ادا کر کے مجھے بہت مزہ آیا، مجھے سنجیدہ کردار کرنا زیادہ پسند ہیں۔‘
اس سوال پر کہ کانٹینٹ ڈریون اسٹوریز یعنی ایسی کہانیاں جو حقیقت سے زیادہ قریب ہوں، کیا ہمارے ناظرین ایسی کہانیاں دیکھنے کے عادی ہیں یا انہیں کچھ مختلف مثلا، ساس بہو سے ہٹ کر کچھ دیکھنے کی طرف لانے کے لیے وقت درکار ہے؟؟
اداکارہ نے جواب دیا کہ ’آڈئینس کے ہاتھ میں ریموٹ ہے اور ان کو پتہ ہے کہ انہیں کیا دیکھنا ہے،میرا خیال ہے کہ اب ہماری آڈئینس کچھ مختلف کچھ نیا دیکھنا چاہتی ہے اور وہ شاید ہم تک آگئے ہیں، ناظرین ہمارا کام دیکھتے ہیں پسند کرتے ہیں اس کا مطلب ہے کہ وہ ہمیں دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ہمیں ان کے مطابق کانٹینٹ بنانے میں شاید ابھی کچھ وقت لگے گا۔‘
سوشل میڈیا پر حرا مانی کی مختلف ویڈیوز وائرل رہتی ہیں انہوں نے گزشتہ سال ٹاک اکاؤنٹ بنایا تھا جہاں وہ مزاحیہ کانٹینٹ سمیت مختلف گانوں کے بول اور فلموں کے ڈائیلاگز پر اکثر وڈیو پوسٹ کرتی رہتی ہیں۔
دوران انٹرویو جب اداکارہ سے اس بارے میں پوچھا گیا کہ سوشل میڈیا ہماری زندگی میں کیا فرق کرتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ مجھے دوسروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس دیکھ کر اچھا لگتا ہے میں بہت انجوائے کرتی ہوں، جب کھبی اداس ہوتی ہوں تو ہانیہ عامر کا انسٹاگرام دیکھ لیتی ہوں وہ بہت فن کر رہی ہوتی ہے اور یہ دیکھ کر میرا موڈ لائٹ ہوجاتا ہے، عائزہ اور دانش کا اکاؤنٹ دیکھتی ہوں تو ان دونوں کا ایک دوسرے کے لیے پیار بہت اچھا لگتا ہے جبکہ سجل کے کیپشنز بڑے شاعرانہ اور بڑے گہرے ہوتے ہیں جنہیں پڑھ کے اچھا لگتا ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ ایک گھریلو خاتون ہیں اور دونوں عیدیں کچن میں ہی گزارتی ہیں۔
حرا نے کہا کہ وہ دعوتوں کا اہتمام بھی خود کرتی ہیں اور انہیں یہ کرنا اس لیے بھی اچھا لگتا ہے کہ وہ عام روٹین میں یہ نہیں کرپاتیں۔
سوال، اگر وہ اداکارہ نہ ہوتیں تو کیا ہوتیں؟
اس پر اداکارہ نے قہقہ لگاتے ہوئے کہا کہ انہیں شروع ہی سے اچھی بیوی بننے کا شوق تھا وہ شاید پورا ہو بھی گیا ہے لیکن اگر میں اداکارہ نہ ہوتی تو شاید میک اپ آرٹسٹ ہوتی۔
حرا مانی نے کہا کہ ڈائریکٹر محسن مزرا کے نئے پروجیکٹ میں تقریبا سات سال کے بعد دوبارہ ہر پل جیو پر نظر آئیں گی۔
اپنے کردار کے بارے میں اُنہوں نے کہا کہ یہ کردار بہت مضبوط ہے جو ویمن امپاورمنٹ کو پروموٹ کرتا ہے اور دیکھنے والے یہ انجوائے بھی کریں گے۔