• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وقت کا درست استعمال کامیابیاں لاتا ہے

وقت پیسے کی طرح ہے، اگر آپ اِسے ضائع کریں گے تو ضرورت پڑنے پر یہ آپ کے پاس نہیں ہوگا۔ اگر آپ پیسے کی طرح وقت کا حساب رکھیں گے تو آپ کے پاس ایسے کاموں کے لیے ضرور وقت بچے گا جو آپ کو پسند ہیں۔ اس کا خلاصہ یہ ہے کہ وقت کا صحیح اِستعمال کرنے سے آپ کو اپنی پسند کے کام کرنے کا زیادہ موقع ملے گا نہ کہ کم۔ وقت کا صحیح اِستعمال کرنا ایک مہارت ہے جو آگے چل کر آپ کے بڑے کام آئے گی۔ کہتے ہیں کہ آپ جس طرح سے اپنے وقت کو اِستعمال کرتے ہیں، اُس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کیسے شخص ہیں۔ لیکن اِس بات سے اِنکار نہیں کیا جا سکتا کہ وقت کا صحیح استعمال کرنا آسان نہیں ہوتا۔ آئیں، اِس حوالے سے کچھ رُکاوٹوں پر غور کریں۔

دھیان بٹانے والی چیزیں

ٹی وی ایک ویکیوم کلینر کی طرح ہے۔ اِس پر دِکھائے جانے والے پُرکشش پروگرام، ڈرامے اور فلمیں آپ کا بہت سا وقت اور توجہ کھینچ لیتی ہیں۔ آج کے نوجوان اپنے موبائل فون اور ٹیبلٹ پر گھنٹوں ضائع کر دیتے ہیں اور ان کی جان اس وقت ہی چھوڑتے ہیں جب بیٹری ختم ہوجائے اور پھر اس پر بھی افسوس کرتے ہیں کہ بیٹری کیوں ختم ہوگئی۔

ٹال مٹول کرنا

ہم میں سے اکثر لوگ زندگی میں اس صورتِ حال سے ضرور دوچار ہوئے ہوتے ہیں، جب ہم اپنے زیادہ تر کاموں کو ٹالنے لگ جاتے ہیں اور اس وقت تک اس میں ہاتھ نہیں ڈالتے جب وہ کام سر پر نہ آپہنچے۔ اسی طرح سے کئی طلبا اپنے اسکول اور کالج کے تعلیمی کاموں کو پہلی فرصت میں مکمل کرنے کے بجائے اس وقت کو اِدھر اُدھر کے کاموں میں ضائع کرتے رہتے ہیں اور پھر اسکول کا کام سر پر آ پڑتا ہے۔ ٹال مٹول کی عادت کو ابھی سے ہی اپنی زندگی سے نکال دیں ورنہ یہ عادت کامیابی اور آپ کے درمیان بڑی رکاوٹ بن کر کھڑی ہوجائے گی۔

آپ کیا کر سکتے ہیں؟

اُن کاموں کی فہرست بنائیں جو آپ کو لازمی کرنے ہوتے ہیں۔ اِن میں گھر کے کام کاج اور ہوم ورک وغیرہ شامل ہو سکتے ہیں۔ پورے ہفتے کا شیڈول بنائیں اور ہر کام کے ساتھ یہ لکھیں کہ اِسے مکمل کرنے میں آپ کو کتنا وقت لگے گا۔ اس کے بعد روزانہ کی بنیاد پر اس فہرست کا جائزہ لیتے رہیں کہ کون سی باتیں زیادہ اہم ہیں، کیوں کہ یہ ممکن ہے کہ ترجیحات کی درجہ بندی میں تھوڑی بہت ردوبدل آجائے۔

اُن کاموں کی فہرست بنائیں جو آپ فارغ وقت میں کرنا پسند کرتے ہیں۔ اِن میں مختلف کام شامل ہوسکتے ہیں جیسے کہ سوشل میڈیا کا اِستعمال اور ٹی وی دیکھنا۔ لکھیں کہ آپ پورے ہفتے کے دوران اِن میں سے ہر کام میں کتنے کتنے گھنٹے صرف کرتے ہیں۔ وہی لوگ زندگی میں کامیاب رہتے ہیں جو دانشمندی سے کام لیتے اور اپنے وقت کا بہترین استعمال کرتے ہیں۔

منصوبہ بنائیں۔ ذرا اُن دونوں فہرستوں پر نظر ڈالیں جو آپ نے بنائی ہیں اور پھر اِن سوالوں پر غور کریں۔ آپ نے ہر ضروری کام کے لیے جو وقت طے کِیا ہے، کیا وہ کافی ہے؟ آپ اپنی پسند کے کاموں میں جو وقت صرف کرتے ہیں، کیا آپ کو اُس میں سے کچھ وقت ضروری کاموں کو دینے کی ضرورت ہے؟

مشورہ: اپنے روزمرہ کاموں کی فہرست بنائیں اور جب آپ ایک کام مکمل کر لیتے ہیں تو اُس پر نشان لگا دیں۔ یاد رکھنے والی بات یہ ہے کہ دانشمند اور محنتی شخص کے منصوبے منافع بخش ہوتے ہیں۔

جائزہ لیتے رہیں کہ کیا آپ اپنے منصوبے پر عمل کر رہے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ کبھی کبھار آپ کو کسی تفریحی پروگرام وغیرہ میں جانے سے اِنکار کرنا پڑے تاکہ آپ اپنے اہم کاموں کو نمٹا سکیں۔ منصوبہ بنانے اور اِس پر عمل کرنے سے آپ کے پاس زیادہ فارغ وقت بچے گا اور آپ اِس سے زیادہ لطف اُٹھا سکیں گے۔ سستی کے نتائج انتہائی بھیانک ہوتے ہیں۔

پہلے کام مکمل کریں پھر تفریح کریں۔ اینڈریو نامی ایک لڑکے کا کہنا ہےکہ کبھی کبھار مَیں اپنے کاموں کی فہرست میں سے دو کام مکمل کرنے کے بعد سوچتا ہوں کہ اب میں بس 15 منٹ کے لیے ٹی وی دیکھتا ہوں اور پھر دوبارہ کام شروع کروں گا۔ لیکن پھر وہ 15 منٹ آدھا گھنٹہ اور آدھا گھنٹہ ایک گھنٹہ ہو جاتا ہے اور جب تک مجھے احساس ہوتا ہے، میں ٹی وی دیکھنے میں دو گھنٹے ضائع کر چکا ہوتا ہوں۔

اِس مسئلے کا کیا حل ہے؟ تفریح کو اپنے روزمرہ معمول کا حصہ نہ سمجھیں۔ اِس کی بجائے اِسے ایک اِنعام خیال کریں جو آپ کو اپنے ضروری کام مکمل کرنے کے بعد ملے گا۔