• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پورا دن فلیٹ میں بے ہوش رہی: عمارہ چوہدری

فائل فوٹو
فائل فوٹو

 پاکستان کی معروف اداکارہ عمارہ چوہدری نے کراچی میں اکیلے رہائش کے دوران پیش آنے والے ایک دل دہلا دینے والا تجربہ بیان کردیا۔

حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمارہ چوہدری نے ساتھی اداکارہ حمیرا اصغر کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ کس طرح اکیلے زندگی گزارنا بظاہر عام سی بات لگتی ہے، لیکن حقیقت میں یہ کئی جذباتی اور جسمانی آزمائشوں سے بھری ہوتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب آپ بیمار ہوں اور آپ کے آس پاس کوئی نہ ہو۔

اداکارہ نے کہا کہ بڑے شہروں میں ہزاروں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں یا تو روزگار کے مواقع یا تعلیم کی خاطر اپنے آبائی شہروں سے دور رہائش اختیار کرتے ہیں، لیکن تنہائی کا احساس بعض اوقات بہت بھاری پڑتا ہے۔

عمارہ چوہدری نے انکشاف کیا کہ میری فیملی لاہور میں مقیم ہے جبکہ میں پیشہ ورانہ مصروفیات کی وجہ سے کراچی منتقل ہوئی، انہوں نے دو سال پرانے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے کورونا وائرس لاحق ہو گیا تھا اور میں اس وقت کراچی میں اکیلی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ وائرس کی تشخیص کے اگلے ہی دن میری طبیعت اس قدر بگڑ گئی کہ میں پورا دن بے ہوش رہی، کسی کو معلوم نہ ہو سکا جب میرے اہلِ خانہ کا مجھ سے رابطہ نہ ہو سکا تو وہ سخت پریشان ہوگئے اور انہوں نے میرے مکان مالک سے رابطہ کیا۔

عمارہ نے مزید بتایا کہ مکان مالک نے کسی کو میرے فلیٹ پر بھیجا تاکہ خیریت معلوم کی جا سکے، جب دروازے پر دستک ہوئی تو میری آنکھ کھلی، ہوش میں آنے پر دیکھا کہ میرے موبائل پر فیملی کی کئی کالز موجود تھیں۔

اداکارہ کے مطابق میرے اہل خانہ نے فوری طور پر کراچی آنے کے لیے فلائٹس کی بکنگ بھی کروالی تھی، مکان مالک نے بھی انہیں بتایا کہ دروازہ صرف آپ کے اہل خانہ کے اصرار پر کھٹکھٹایا، ورنہ مجھے یہی لگا تھا کہ آپ واپس لاہور جا چکی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید