• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسیقی کا تہوار اور پاکستانی گلوکاروں کی مقبولیت!!

جنوبی ایشیاء کے میوزک شائقین اپنی ثقافت، ورثے اور روایات کو 18 جولائی سے 17 اگست تک ساؤتھ ایشین ہیریٹیج کے مہینے کے طور پر تہوار کی طرح منا رہے ہیں۔ اس حوالے سے اسپاٹیفائی ایک بار پھر خطے کے نہایت مضبوط ثقافتی عنصر کی موسیقی، اس کی منفرد جہتوں اور ذاتی پسند کے اعتبار سے حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔

اس ضمن میں میوزک پلیٹ فارم خطے اور دنیا بھر میں جنوبی ایشیائی موسیقی کے استعمال سے متعلق کچھ دلچسپ معلومات سامنے لایا ہے۔ 

اطلاعات کے مطابق دیسی میوزک بدستور دنیا بھر کے سامعین کے لیے ایک مقبول صنف ہے۔ دیسی میوزک کو اسٹریم کرنے والے امریکا، برطانیہ اور کینیڈا سرفہرست ممالک ہیں، جن کے بعد آسٹریلیا اور جرمنی ہیں۔

دیسی میوزک متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، آسٹریلیا اور کینیڈا میں تیزی سے پسند کی جارہی ہے اور جنوبی ایشیائی موسیقی کی اسٹریمز میں ان کا سب سے زیادہ اضافہ ظاہر ہوتا ہے، جن کی شرح میں بالترتیب اضافہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 72 فیصد، 54 فیصد اور 50 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 

گزشتہ ایک سال کے دوران ’دیسی ہٹس‘ پلے لسٹ کی اسٹریمز میں 55 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس پلے لسٹ کی اسٹریمز کا کل حجم کا 40 فیصد جنوبی ایشیائی خطے سے باہر ہے۔

اسی طرح ’دیسی لوفائی‘ پلے لسٹ کے بھی 42 فیصد سامعین جنوبی ایشیا سے باہر ہیں۔ ’دیسی ہپ ہاپ‘ کی 40 فیصد اور ’دیسی انڈی‘ کی 38 فیصد اسٹریمز جنوبی ایشیائی خطے سے باہر ہیں۔

’ساؤتھ ایشین صُوفی‘ پلے لسٹ کی سب سے زیادہ اسٹریمز ہیں، جس میں 66 فیصد اسٹریمز دور دراز کے ممالک سے ہوئی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیائی ممالک میں اپنی پوزیشن کو نمایاں طور پر مستحکم کیا ہے، ہم گلوکاروں کو دنیا بھر میں اپنے مداحوں اور میوزک حلقوں سے جوڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہم نے جنوبی ایشیائی گلوکاروں اور دیسی میوزک کے لئے بڑھتی ہوئی پسندیدگی کا مشاہدہ کیا ہے جس سے ہماری دیسی پلے لسٹوں کی اسٹریمز میں غیرمعمولی اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔

اس سال اپنے جنوبی ایشیائی میوزک حب کے ذریعے دیسی میوزک اور اس کے سامعین کے درمیان مضبوط ثقافتی تعلق قائم کرکے ساؤتھ ایشین ہیریٹیج مہینہ منا رہا ہے جہاں سامعین مقبول دیسی پلے لسٹس کے علاوہ دیگر میوزک کی اصناف سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

ساؤتھ ایشین ہیریٹیج مہینہ کے حوالے سے اسپاٹ لائٹ سیریز میں منتخب کیے گئے کریئیٹرز میں پاکستان کے مشہور گلوکار علی سیٹھی اور معروف انفلوئینسر عرفان جونیجو بھی شامل ہیں۔

اسپاٹ لائٹ سیریز میں شامل کی گئی کریئیٹرز کی پلے لسٹس میں اب سامعین علی سیٹھی اور عرفان جونیجو کے پسندیدہ ساؤتھ ایشین گانے تلاش کرسکتے ہیں اور ان سے محظوظ ہوسکتے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں سب سے زیادہ اسٹریم شدہ گیت علی سیٹھی اور شائے گل کا ’پسوڑی‘ ہے۔ گزشتہ سال ریلیز ہونے کے بعد ’پسوڑی‘ گیت کو عالمی سطح پر پسند کیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق عاطف اسلم بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ عالمی سطح پر ان کا سب سے زیادہ اسٹریم شدہ گیت ’جینا جینا‘ سب سے زیادہ بیرون ملک میں سُنا گیا۔

دیگر زیادہ اسٹریمنگ والے پاکستانی گلوکار استاد راحت فتح علی خان اور استاد نصرت فتح علی خان رہے، جن کے سب سے زیادہ بیرون ملک پسند کیے جانے والے گیت ’او رے پیا‘ اور ’میرے رشک قمر‘ ہیں۔

دیسی میوزک کو سب سے زیادہ پسند کرنے والے اولین شہروں میں دبئی، میلبورن، ٹورنٹو، نیویارک اور لندن شامل ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید