سری لنکا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان دموتھ کرونارتنے نے کپتانی چھوڑنے کا عندیہ دے دیا، انہوں نے اس حوالے سے سلیکشن کمیٹی کو دوبارہ درخواست دے دی۔
دموتھ کرونارتنے نے درخواست میں کہا کہ میں کرکٹ ٹیم کی مزید کپتانی نہیں کرنا چاہتا ہوں، میں نے پہلے بھی کپتانی چھوڑنے کی درخواست کی تھی مگر بورڈ نے کپتانی جاری رکھنے کا کہا۔
سری لنکن کپتان نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز کے بعد کپتانی سے دستبرداری کی درخواست بورڈ کو دے دی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں اپنا مکمل فوکس اپنی بیٹنگ پر کرنا چاہتا ہوں، اپنی بیٹنگ سے ٹیم کو جب تک ہوسکا سپورٹ کروں گا۔
دموتھ کرونارتنے نے کہا کہ ٹیم میں کئی ایسے کھلاڑی ہیں جو کپتان کے عہدے کے لیے موزوں ہیں، مگر کپتان بنانے کا فیصلہ میرا نہیں سلیکشن کمیٹی کا ہو گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہماری اگلی سیریز فروری میں ہے، اس لئے نئے کپتان کے بارے میں سوچنےکا ابھی بڑا وقت ہے۔
کرونارتنے نے اس سے پہلے آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد کپتانی چھوڑنے کی درخواست کی تھی۔
دموتھ کرونارتنے نے 29 ٹیسٹ میچز میں سری لنکن ٹیم کی کپتانی کی ہے۔