بنگلا دیش ویمنز ٹیم کی کپتان نے بھارتی کپتان کے میچ میں آؤٹ ہونے کے بعد انتہائی جارحانہ اور غلط انداز اپنانے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں بنگلا دیش ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان نگر سلطانہ سے بھارتی کپتان کے رویے کے حوالے سے سوال پوچھا گیا۔
جواب میں بنگلا دیشی کپتان نے کہا کہ بھارتی کپتان ہرمن پریت کور کو تمیز کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا، یہ ان کا مسئلہ ہے، میرا اس سے کوئی تعلق نہیں، وہ ایک کھلاڑی کے طور پر تمیز کا مظاہرہ کر سکتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ کو نہیں بتا سکتی کہ کیا ہوا لیکن اپنی ٹیم کے ساتھ وہاں تصویر بنوانے کے لیے رہنا مجھے مناسب نہیں لگا، اس لیے ہم واپس چلے گئے، کرکٹ نظم و ضبط اور احترام کا کھیل ہے۔
سیریز میں امپائرنگ کے فیصلوں کے بارے میں بنگلا دیشی کپتان نے کہا کہ اگر وہ آؤٹ نہ ہوتیں تو امپائر اسے آؤٹ نہیں دیتے، سیریز میں مردوں کی بین الاقوامی کرکٹ کے امپائر تھے جو اچھے امپائر تھے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش ویمنز ٹیم کے خلاف میچ میں شکست کے ڈر سے بھارتی ویمنز ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور اپنے حواس کھو بیٹھی تھیں اور انہوں نے کھیل کے کوڈ آف کنڈکٹ کی دھجیاں بکھیر دی تھیں۔
بنگلا دیش کے خلاف میچ میں آؤٹ قرار دیے جانے پر ہرمن پریت کور نے بیٹ مار کر وکٹیں گرادی تھیں اور پویلین واپس جاتے ہوئے بلند آواز میں امپائر پر غصے کا اظہار بھی کیا تھا۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ون ڈے میچ ٹائی ہو گیا تھا۔