• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے گھر کے باتھ روم کی تعمیر میں مدِنظر رکھے جانے والی باتیں

گھر تعمیر کرنے کے لیے اس کا نقشہ تیار کرتے وقت باتھ روم کے ڈیزائن کی اہمیت کا اندازہ آرکیٹیکٹ کو بخوبی ہوتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اچھے باتھ روم کے ڈیزائن میں کچھ خوبیاں یکساں ہوتی ہیں۔ ان میں رنگوں کا امتزاج بالکل ٹھیک ہوتا ہے، جو باتھ روم کو خوشگوار جگہ بناتا ہے۔ عملی طور پر، باتھ روم کوئی آرائش کی جگہ نہیں ہے، بلکہ یہ ایک ایسی جگہ ہے جسے گھر کے تمام افراد روزانہ استعمال کرتے ہیں۔ تاہم اچھے باتھ روم میں اسٹائل اور ہم آہنگی پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔ بیسن اور باتھ ٹب سے لے کر باتھ روم کے چھوٹے سے چھوٹے لوازمات تک، اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ ہرچیز بڑی تصویر کا ناگزیر حصّہ معلوم ہو۔

ایک آرکیٹیکٹ کے پاس جب آپ گھر کا نقشہ تیار کروانے کے لیے جاتے ہیں تو یقینی طور پر باتھ روم کے حوالے سے آپ کے ذہن میں بھی کچھ خاکہ ضرور ہوگا۔ اگر آپ نے اس حوالے سے ابھی تک کچھ نہیں سوچا تو باتھ روم کے اہم پہلوؤں کے بارے میں سوچیں، جیسے کہ اُس کا سائز، استعمال ہونے والے رنگوں کی اقسام، لوازمات جیسے بیسن، شاور یا باتھ ٹب کہاں نصب ہوں گے، اور روشنی (قدرتی یا مصنوعی) تک رسائی کیسے کی جائے گی وغیرہ۔ اگر باتھ روم بچوں کے زیراستعمال آنا ہے ، تو حفاظتی اقدامات کے بارے میں سوچنا بنتا ہے۔ بیسن کتنی اُونچائی پر ہونا چاہیے؟ اور بچوں کے لیے، کچھ خوبصورت سجاوٹی وال پیپر یا لوازمات باتھ روم کو ایک جادوئی جگہ بنا سکتے ہیں۔

بہترین باتھ روم بنانے کے لیے رنگ بہت اہم ہوتے ہیں۔ ہلکے رنگ کے استعمال سے، آپ ماحول کو جادوئی بنا سکتے ہیں اور باتھ روم کو مُتاثر کن اور پُرلطف جگہ بناسکتے ہیں۔ اگر آپ کو کام کے بعد کینڈل لائٹ غسل لینا پسند ہے، تو ان رنگوں کے بارے میں سوچیں جو آپ استعمال کرینگے۔ بھرپور گہرا سرخ اور نیلے رنگ پرتعیش احساس فراہم کریں گے، جب کہ، چھوٹے کمروں میں، ہلکے رنگ مناسب ہیں، تاکہ باتھ روم تنگ اور جابرانہ احساس نہ دے۔ بچے بھی پیسٹل اور ہلکے رنگ پسند کرتے ہیں۔

باتھ روم کی دیواروں اور فرش کے لیے بہت سے اختیارات ہیں، اور آپ کیا پسند کرتے ہیں اس کا انحصار پوری طرح باتھ روم کے اسٹائل پر ہے۔ دیہی طرز کے باتھ روم کے لیے اکثر مضبوط لکڑی کا فرش بنایا جاتا ہے جو قدرتی احساس دیتا ہے اور بحال رکھنے میں آسان ہوتا ہے۔ ایک جدید باتھ روم میں ٹھوس یا مصنوعی ٹائلوں جیسا مواد استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ چینی مٹّی بھی ایک اچھا انتخاب ہے۔ دیواروں کے لیے، ٹائلوں اور پینٹ کا مرکب ڈیزائنر کو مختلف رنگوں کے ساتھ تجربہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، جبکہ ٹائلیں صفائی میں آسان اور واٹر پروف ہوتی ہیں۔ یہاں تک کہ وال پیپر کی بھی مختلف اقسام ہیں، جو نمی اور پانی کا مقابلہ بھی کرسکتے ہیں۔

باتھ روم کی روشنیوں کے بارے میں سوچتے وقت، کمرے کا سائز بہت اہم ہوتا ہے۔ چھوٹی جگہ کے ساتھ باتھ روم روشن کرنے کا کام مشکل ہوجائے گا۔ سوچ سمجھ کر لگائی گئی روشنیوں سے چھوٹی جگہیں زیادہ روشن محسوس ہوں گی، جو آئینوں یا کیبینیٹس میں نصب ہوں گی، جبکہ چھت میں نصب روشنیاں ایک اور بہترین انتخاب ہے۔

سوچیں کہ روزانہ کتنے لوگ باتھ روم استعمال کریں گے اور وہ کون ہیں؟ ایک باتھ روم جو بچے استعمال کرتے ہیں اُسے بڑوں کے باتھ روم کی نسبت مختلف طریقے سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر آپ کے پاس کوئی روشنی کا ذریعہ نہیں ہے یا ہواداری مسئلہ ہے، تو اسے اپنے منصوبے میں مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

ایک باتھ روم کی تزئین و آرائش ہمیشہ بجٹ پر آ کر رُکتی ہے، یہی وجہ ہے کہ آپ کو پہلے سے ہی سوچنا ہوگا کہ اصل میں آپ کو کیا تبدیل کرنا ہے۔ کیا یہاں صرف چند ہی چھوٹے مسئلے ہیں، یا تمام ٹائلیں بدلنے کی ضرورت ہے؟ اہم اشیاء بدلنا جیسے شاور، بیسن یا ٹوائلٹ، مہنگا اور پیچیدہ عمل ہوسکتا ہے۔ جو لوگ مکمل ترمیم نظرانداز یا ملتوی کرنا چاہتے ہیں انھیں باتھ روم کو تروتازہ کرنے کے لئے چھوٹی تفصیلات پر غور کرنا چاہیے۔ کچھ چھوٹی تبدیلیوں سے، پوری تصویر اچانک بدل سکتی ہے۔

تمام منصوبہ بندی مکمل ہونے کے بعد، عملی طور پر باتھ روم کی تعمیر کا عمل شروع کرنے کی باری آتی ہے، جس کے لیے آپ کئی آپشنز پر غور کرسکتے ہیں:

سادہ اور اعلیٰ: سادہ باتھ روم میں عام طور پر بہت ساری کھلی جگہ کے ساتھ باتھ ٹب شامل کیا جاتا ہے۔ بیسن، ٹوائلٹ اور شاور کو ہر ممکن حد تک اس مؤثر طریقے سے اس طرح لگایا جاتا ہے کہ اس سے باتھ روم کی سادگی پر کوئی فرق نہ پڑے۔ اس طرح کے باتھ روم سے لوگ چمکدار جدید ڈیزائن، بہت سارا سفید رنگ اور محدود لوازمات کی توقع کرتے ہیں۔

جدید اور منفرد: جدید باتھ روم اور سادہ باتھ روم سطح کے نکتہ نظر سے یکساں ہوتے ہیں، لیکن کچھ اہم تبدیلیوں کے ساتھ۔ جدید باتھ روم، رنگ اور لوازمات کے استعمال کے معنوں میں زیادہ تخیلاتی ہوتے ہیں، لیکن ان میں ہمیشہ ایسی خصوصیات شامل ہوتی ہیں، جو موجودہ فیشن کے ڈیزائن سے میل کھاتی ہوں۔ انھیں بدلتے فیشن کے ساتھ اَپ گریڈ کیا جاتا ہے۔