چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فینگ کا کہنا ہے کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) دونوں ملکوں کے درمیان اہم منصوبہ ہے، سی پیک کے تحت اربن ریلوے، فائبر آپٹک سمیت مختلف منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا گیا۔
کنونشن سینٹر اسلام آباد میں سی پیک کے دس سال مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے نائب وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک سے خطے میں سماجی ترقی کا دور شروع ہوا، سی پیک چین اور پاکستان کی نئی دوستی کے دور کا آغاز ہے، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ ہے۔
چینی نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری ہے، پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں۔
چین کے نائب وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کی 10سالہ تقریب میں شرکت کرکے خوشی محسوس ہوئی، سی پیک دونوں ملکوں کےدرمیان فلیگ شپ منصوبہ ہے، سی پیک نے دونوں ملکوں کے باہمی مفاد کو جلا بخشی۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک نے دونوں ملکوں کے باہمی مفاد کو جلا بخشی، توانائی، زراعت، ریلوے، آئی ٹی سمیت مختلف منصوبے شروع کیے، سی پیک کے تحت پاکستان میں سڑکوں کے جال بچھائے گئے، پاکستان میں صنعتی ترقی کے دور کا آغاز ہوا، انڈسٹری، کلچر، صحت کے شعبوں میں مزید تعاون کی ضرورت ہے، چین اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں، چین پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانا چاہتا ہے، چین اور پاکستان کے تعلقات مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے۔
اس سے قبل چین اور پاکستان کے درمیان ایم ایل ون کے فریم ورک اور شاہراہ قراقرم کی ری الائنمنٹ سمیت مختلف مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں جس سے معاشی تعاون میں اضافہ ہوگا۔