وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری پیر کو مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر گئے، جہاں انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے باجوڑ بم دھماکے میں جاں بحق افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس موقع پر سانحہ باجوڑ میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ سانحہ باجوڑ کے شہدا کے لواحقین کے دکھ کو محسوس کرسکتا ہوں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی، جے یو آئی کے کارکنان اور ہمدردوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ باجوڑ ملک میں امن و امان کی صورت حال خراب کرنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔
دریں اثنا حکومت سندھ کے اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے باجوڑ میں ورکرز کنونشن میں دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔