پولیس اہلکاروں کی گرفتاری کے باوجود الفلاح جعلی مقابلے میں زخمی دونوں بھائی زیر حراست ہیں۔
دونوں بھائیوں کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں داخل شدید زخمی فہیم احمد کی نگرانی پر تاحال پولیس تعینات ہے، بھائی نور محمد زخمی ہونے کے باوجود پولیس کی حراست میں تھانے میں ہے۔
اہل خانہ کے مطابق پولیس مقابلہ جعلی اور پولیس کے خلاف مقدمہ درج ہونے کے باوجود شنوائی نہیں ہو رہی۔
ان کا کہنا ہے کہ مقابلے میں ملوث پولیس اہلکار دھمکیاں دے رہے ہیں، بچوں کی رہائی کے لیے صلح کا دباؤ ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے نور محمد اور بھائی فہیم کو 27 جولائی کو جعلی مقابلے میں گولیاں ماری گئیں۔
سپریٹینڈنٹ پولیس کی تحقیقات میں مقابلہ جعلی ثابت ہونے پر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقدمے میں ایس ایچ او ہدایت اللہ، کانسٹیبل جنید اور ثاقب مقدمے میں نامزد ملزم ہیں۔