میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کی صدارت چیلنج سمجھ کر قبول کی ہے، ایسوسی ایشن کا صدر بننا اعزاز کی بات ہے۔
عبد الستار ہاکی اسٹیڈیم میں سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کی مجلس عاملہ کا اجلاس نائب صدر اولمپین حنیف خان کی صدارت میں ہوا جس میں متفقہ طور پر مئیر کراچی مرتضی وہاب کو سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کا نیا صدر بنانے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں شریک تمام ارکان نے مرتضی وہاب کو صدر بنانے پر اتفاق کیا۔
اجلاس کے بعد تمام ارکان نے نئے صدر مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں ہاکی کے مسائل سے آگاہ کیا، مئیر کراچی نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بدقسمتی سے قومی کھیل ہاکی تنزلی کا شکار ہے، سندھ حکومت سے ہمیشہ ہاکی کو سپورٹ کیا ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ ہاکی لیجنڈز نے سرپرستی کرنے کو کہا تو میں نے انہیں انکار نہیں کیا، کوشش کروں گا کہ کراچی میں ہاکی کی رونقیں بحال کروں اور ہاکی کو دوبارہ وہی مقام ملے جو ماضی میں رہا ہے۔