اسلام آباد( مہتاب حیدر) 2023ء کی 7ویں مردم شماری کے اطلاع کردہ آفیشل گزٹ میں کراچی کی آبادی 73 فیصد کی اضافے کے ساتھ 2 کروڑ3 لاکھ 82 ہزارہوگئی ہے ۔2017ء کی آخری مرتبہ مردم شماری میں شہر کی آبادی ایک کروڑ 60 لاکھ تھی ۔PILDAT کے بانی احمد بلال محبوب نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ کراچی کی آبادی یکم اپریل 2023 کو مردم شماری کے نتائج کے مطابق جب پہلی مرتبہ اعلان کیا گیا تو اس وقت تک 73 فیصد بڑھ چکی ہے۔ کراچی کی کی آبادی 8 مرتبہ تبدیل ہوچکی ہے اور اس کی بڑی وجہ ایم کیو ایم کامتواتر دبائو ہے۔ نئے اضافے کے نتیجے میں کراچی کی صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں میں اضافے کا امکان ہے۔ پاکستان کے تمام 29 ڈویژنز میں بلوچستان کا ڈویژن رخشان سب سے تیزرفتاری سے آبادی بڑھنے والا علاقہ قررارپایا ہے اس کی سالانہ شرح آبادی میں اضافہ 5.75فیصد ہے جبکہ اس کے بعد سندھ کا کراچی ڈویژن آتا ہے جس کی آبادی 4.1 فیصد کے حساب سے بڑھ رہی ہے ۔ بلوچستان کے مکران ڈویژن میں 3.98 فیصد کے حساب سے آبادی بڑھی ہے۔صوبہ خیبر پختونخوا میں آباد ی میں سب سے کم اضافہ ہواہے ۔وہ کہتے ہیں کہ سندھ پاکستان کے صوبوں میں سب سے زیادہ (53.73 فیصد) اشتہار شدہ شہری علاقہ ہے ۔