• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی ٹیم بھارت آسکتی ہے تو بھارتی ٹیم بھی پاکستان جاسکتی ہے، سیکریٹری جنرل ہاکی انڈیا

سیکریٹری جنرل ہاکی انڈیا بھولا ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ اگر پاکستان ہاکی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کےلیے بھارت آسکتی ہے تو پھر بھارتی ہاکی ٹیم پاکستان جا سکتی ہے۔

چنئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھولا ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے انڈین ٹیم کو کہیں جانے سے نہیں روکا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اولمپک کوالیفائنگ ٹورنامنٹ بہت اہم ہے ٹیم کو نہیں روکا جائے گا۔ یہ اولمپکس کا سوال ہے، ضرورت پڑی تو خود حکومت سے بات کروں گا۔

سیکریٹری جنرل ہاکی انڈیا نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ کوئی رکاوٹ ہوگی باقی پاکستان حکومت پر ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کا کیسے انعقاد کرتے ہیں۔

بھولا ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم یہاں کھیل سکتی ہے تو ہم وہاں کیوں نہیں کھیل سکتے؟ کرکٹ کا معاملہ کرکٹ سے ہے ہاکی ہاکی ہے۔

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ انڈیا ہاکی ٹیم اگر ایشین گیمز میں گولڈ میڈل نہیں جیتتی تو اسے اولمپک کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کھیلنا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے اولمپک کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کی اگلے برس 13 سے 21 جنوری تک لاہور میں میزبانی کرنا ہے۔

پاکستان 19 برسوں کے بعد ایف آئی ایچ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید