کرکٹ ورلڈ کپ کا شیڈول پہلی مرتبہ سامنے آنے کے بعد شائقین کرکٹ کو 2 خوشیاں ملی تھیں۔
پہلے شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرا اتوار 15 اکتوبر کو شیڈول تھا جو کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی سالگرہ کا بھی دن ہے۔
یوں اس طرح بابر اعظم اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے مداحوں اور شائقین کرکٹ نے پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے لیے سنڈے کو بھرپور طریقے سےفن ڈے منانے کی پلاننگ شروع کردی تھی۔
تاہم اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے3 میچز سمیت ورلڈ کپ کے 9 میچز کو ری شیڈول کردیا ہے جس سے شائقین کرکٹ کی پلاننگ کچھ حد تک متاثر ہوگئی ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے میچز ری شیڈول ہونے کے بعد اب پاک بھارت ٹاکرا بابر اعظم کی سالگرہ پر نہیں ہو سکے گا۔
اکتوبر میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے آئی سی سی نے ترمیم شدہ حتمی شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان 15 اکتوبر کو ہونے والا میچ اب احمد آباد میں ہی 14 اکتوبر کو ہوگا۔
یوں اب شائقین کرکٹ پاک بھارت ٹاکرا بابر اعظم کی سالگرہ سے ایک دن پہلے دیکھ سکیں گے۔
ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرا دوپہر میں ہوگا اور ممکنہ طور پر میچ 14 اکتوبر کو ہی رات 12 بجے سے پہلے ختم بھی ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے ختم ہونے کے کچھ ہی دیر بعد یعنی رات 12 بجتے ہی بابر اعظم 29 سال کے ہو جائیں گے۔