آن لائن محبت کے بعد بھارت سے پاکستان آ کر، خیبرپختون خوا کے نصراللّٰہ سے شادی کرنے والی خاتون انجو (فاطمہ) نے کہا ہے کہ میں غدار نہیں ہوں، جَلد ہی اپنے شوہر نصراللّٰہ کے ساتھ واپس بھارت جاؤں گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر انجو کی اپنے شوہر نصراللہ کے ساتھ ایک نئی ویڈیو وائرل ہے جس میں انہوں نے شوہر سمیت واپس بھارت جانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
انجو کا اپنی اس ویڈیو میں کہنا ہے کہ ایسا نہیں ہے کہ یہاں پاکستان آ کر میں صرف پاکستان کی تعریفیں کر رہی ہوں اور بھارت سے مجھے پیار نہیں ہے، میں صرف وہی بتا رہی ہوں جو حقیقت ہے۔
انجو کا ویڈیو میں مزید کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا میری کردار کشی کر رہا ہے، مجھ سے متعلق کہا جا رہا ہے کہ میں نے اپنے دیس اور بچوں سے غداری کی ہے، بھارت میڈیا سے میری درخواست ہے کہ میرے بارے میں مثبت سوچ اور پیغام پھیلائیں، میں بھی انسان ہوں، میں کسی کی دشمن نہیں ہوں۔
اُن کا مزید کہنا ہے کہ یہاں پر سب کچھ اچھا ہے یہاں کے لوگ اچھے ہیں، یہی میرا سب کے لیے پیغام ہے کہ پلیز میرے لیے تھوڑا مثبت سوچیں۔
واضح رہے کہ اسلام قبول کر کے اپنے دوست، دیربالا کے رہائشی سے شادی کرنے والی خاتون انجو (فاطمہ) کی نصراللّٰہ سے دوستی فیس بک کے ذریعے ہوئی تھی۔