• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہنسانے والی گیس شدید ڈپریشن میں فوری آرام دے سکتی ہے: تحقیق

-- فائل فوٹو
-- فائل فوٹو

ایک نئی طبی تحقیق میں حیران کن طور پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ نائٹرس آکسائیڈ nitrous oxide (جسے عام طور پر لَافنگ گیس کہا جاتا ہے) ڈپریشن میں انتہائی تیز رفتار ریلیف فراہم کر سکتی ہے اور اس کے اثرات صرف ایک دن کے اندر محسوس کیے جا سکتے ہیں۔

ای بائیو میڈیسن میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق نائٹرس آکسائیڈ فاسٹ ایکٹنگ اینٹی ڈپریسنٹ کے طور پر صلاحیت رکھتی ہے۔

سائنسدانوں نے مجموعی طور پر 7 کلینکل ٹرائلز اور 4 پروٹوکول پیپرز کا جائزہ لیا جس میں میجر ڈپریسیو ڈس آرڈر (MDD)، ٹریٹمنٹ ریزسٹنٹ ڈپریشن (TRD) اور بائی پولر ڈپریشن کے مریض شامل تھے۔

نتائج کے مطابق 50 فیصد نائٹرس آکسائیڈ کی ایک خوراک نے مختصر مدت کے لیے نمایاں بہتری دکھائی، یہ اثر عام طور پر ایک ہفتے تک برقرار رہا تاہم، متعدد ہفتوں پر مشتمل بار بار سیشنز زیادہ دیرپا بہتری فراہم کرتے ہیں، اس سے معلوم ہوتا ہے کہ مستقل علاج طویل مدتی نتائج کے لیے ضروری ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ نائٹرس آکسائیڈ گلوٹا میٹ ریسیپٹرز کو متاثر کرتی ہے یہ وہی میکینزم ہے جو کیٹامائن میں پایا جاتا ہے، اسی باعث یہ موڈ پر فوری مثبت اثر ڈالتی ہے۔

ابتدائی تحقیق میں چکر آنا اور متلی جیسے ہلکے مضر اثرات دیکھے گئے، جو جلد ختم ہو گئے، کسی قسم کے سنگین قلیل مدتی خطرات سامنے نہیں آئے، لیکن بہترین خوراک اور طویل مدتی حفاظت کے لیے مزید بڑے پیمانے پر ٹرائلز درکار ہیں۔

اس پیش رفت کے بعد ماہرین این ایچ ایس کے پہلے کلینکل ٹرائل کی تیاری کر رہے ہیں، جس میں جانچا جائے گا کہ آیا نائٹرس آکسائیڈ کو ڈپریشن کے محفوظ اور مؤثر علاج کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

صحت سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید