اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے یکم جولائی سے ملک بھر میں کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق شروع کرنے کی حتمی منظوری دیدی ہے۔ نادرا میں ہیلپ لائن قائم ، روز انہ 10 ہزار کالیں اورایک لاکھ 50 ہزار ایس ایم ایس لئے جائینگے، اس ضمن میں جمعرات کو وزیر داخلہ کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، چیئرمین نادرا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ نادرا نے ایک ہیلپ لائن قائم کی ہے جہاں پر روزانہ 10 ہزار کالیں اور ایس ایم ایس گیٹ وے پر ایک لاکھ 50 ہزار ایس ایم ایس روزانہ لئے جائیں گے جہاں لوگ اجنبی افراد کو شناختی کارڈ جاری کئے جانے کے بارے میں رپورٹ کر سکیں گے۔ وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ قومی شناختی کارڈ کی ازسرنو تصدیق کی مہم کیلئے ضروری انسانی وسائل کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نادرا کو کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کیلئے 6 ماہ کا وقت دیا ہے اور اسے قومی سلامتی کے ضمن میں اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ قومی شناختی کارڈ کی ازسرنو تصدیق کی سکیم یکم جولائی سے شروع کی جائے اور اس کیلئے کثیر الجہتی حکمت عملی اختیار کی جائے جس میں پی ٹی اے کا ڈیٹا اجنبی افراد کی شناخت کیلئے استعمال کیا جائے جبکہ فیملی ٹری کے حوالہ سے ایس ایم ایس اور ٹیلی فون کے ذریعے معلومات کیلئے ہیلپ لائن قائم کی جائے۔ غیر قانونی طور پر شناختی کارڈ حاصل کرنے والوں کی نشاندہی کیلئے مشترکہ تصدیقی کمیٹیوں کو جاری رکھا جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نادرا بلاک کئے گئے قومی شناختی کارڈوں کے تمام کیسوں کو نمٹانے کیلئے ٹائم لائن مقرر کرے۔ انہوں نے نادرا کو ہدایت کی کہ نادرا کے ڈیٹا بیس سے اجنبی افرادکے ناموں کو خارج کرنے کے مقاصد کے حصول کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر عوام میں آگاہی کیلئے نادرا کی میڈیا سٹرٹیجک کی بھی منظوری دی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قومی شناختی کارڈوںکی تصدیق نو کے حوالہ سے آگاہی مہم مقامی زبانوں میں بھی شروع کی جائے، اس سے نادرا کی قومی سلامتی کی مہم کی اہمیت بھی اجاگر ہو گی۔