گھر کا ہر حصہ اپنی جگہ انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ اسی طرح بالکنی آپ کےگھر کے اہم ترین حصوں میں سے ایک ہے، جسے اندر سے صاف ستھرا اور باہر سے خوبصورت نظر آنا چاہئے تا کہ لوگ آپ کی بالکنی کی مثال دیں۔ اگر آپ کسی ماہر تعمیرات کی مدد سے اپنا گھر بنوا رہے ہیں، تو یقیناً گھر کے مختلف حصوں میں اپنی مرضی اور سہولت سے گنجائش رکھوا سکتے ہیں لیکن اگر آپ بنا ہوا گھر لے رہے ہیں تو پھر آپ کو گھر کے حصوں پر سمجھوتہ کرنا پڑیگا۔
آج کل جو گھر بنائے جا رہے ہیں، وہ ویسے تو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں مگر بعد میں یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اسے کس طرح منظم کرکے رکھتے ہیں۔ تو آئیے ہم آپ کو گھر کی بالکنی کو منظم کرنے اور اس کے استعمال کے مؤثر طریقے بتاتے ہیں۔
بالکنی میں اماری کی تنصیب
اگر بالکنی بڑی ہے اور اس میں گنجائش ہے تو آپ ایک خوبصورت اور جدید طرز کی الماری بنوا سکتے ہیں تاکہ گھر کا وہ سامان جو روز مرہ استعمال میں نہیں آ رہا، اسے اس الماری میں رکھ دیں اور اس کی بیرونی سطح پر خوبصورت فارمیکا یا رنگ کرلیں تو نہ صرف یہ کہ فالتو سامان ٹھکانے لگ جائے گا بلکہ ایک طرف بنی الماری سے بالکنی کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوجائے گا۔
بالکنی میں الماری رکھنے کے لیے آپ کے پاس کئی آپشنز موجود ہیں، جن میں سے آپ کسی ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ آپ ایسی الماری کا انتخاب بھی کرسکتے ہیں، جو فلور سے لے کر چھت تک دیوار کے ساتھ جارہی ہو، جبکہ اس کے خانوں کے لیے فولڈنگ یا ریلنگ ڈیزائن اختیار کرسکتے ہیں۔ اگر آپ نے الماری کو سجاوٹ کے لیے رکھنا ہے تو دیوار کے ساتھ صرف شیلف لگا کر خوبصورتی اور اسٹوریج، دونوں مقصد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
بالکنی گارڈن
اگر آپ اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں اور آپ کے پاس باغبانی کا شوق پورا کرنے کے لیے کوئی اور جگہ دستیاب نہیں ہے تو کوئی بات نہیں، باغبانی کے لیے بالکنی سے بہتر اور کوئی جگہ ہوہی نہیں سکتی۔ خوبصورت اور مناسب سائز کے گملے بالکنی کی خوبصورتی میں اضافہ کرسکتے ہیں، ان گملوں میں مختلف طرح کے چھوٹے چھوٹے پودے اور پھول لگا لیں تو بالکنی کی خوبصورتی بڑھ جائیگی۔
اس کے علاوہ چھت سے لٹکائے گئے چھوٹے گملے اور اس میں لٹکائے گئے خوبصورت پتیاں اور باریک چھوٹے پھول بھی لگائے جاسکتے ہیں۔ مزید برآں، بالکنی میں باہر کی طرف لوہے یا اسٹیل کی جالی لگا کر ان پر رنگ برنگی گملوں میں آپ چھوٹے پھول لگاسکتے ہیں، جو آپ کی بالکنی کی خوبصورت کو چار چاند لگا دیں گے۔
بچوں کے کھیلنے کی جگہ
آج کے زمانے میں بچوں کو کھیلنے کے لیے گلی محلے میں بغیر نگرانی کے چھوڑنا اکثر والدین کے لیے بہت مشکل ہوگیا ہے۔ ایسے میں بچوں کو کھیلنے کے لیے گھر میں کئی جگہیں چاہئیں ہوتی ہیں۔ بچے اپنے کمروں میں کھیلنا کودنا پسند کرتے ہیں، وہ گھر کے لان میں خوب موج مستیاں کرتے ہیں، تاہم تبدیلی کے لیے بالکنی کو بچوں کے کھیلنے کے لیے ترتیب دینا بھی ایک اچھی سوچ ہوسکتی ہے۔ ’دل مانگے اور‘ کی طرح بچوں کو کھیلنے کے لیے ایک اور جگہ میسر آجائے گی۔ ادھر ادھر کھیلنے کے برعکس، آپ کے بچے جب تک بالکنی میں ہونگے، وہ محفوظ رہیں گے اور آپ کو ان پر نظر رکھنے کی ضرورت کم کم محسوس ہوگی۔
واٹر اسٹوریج ٹینک
بالکنی کے ایک کونے کو آپ پانی ذخیرہ کرنے کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ تاہم بالکنی میں آپ جو کوئی بھی واٹر ٹینک رکھیں، وہ خوبصورت، پائیدار اور جگہ کی لحاظ سے مناسب سائز کا ہونا چاہیے۔ بالکنی میں رکھنے کے لیے لوہے کے ٹینک کے مقابلے میں فائبر یا پلاسٹک سے بنا ٹینک زیادہ بہتر رہے گا۔ ٹینک کا سائز ایسا ہونا چاہیے کہ وہ بالکنی میں بے ڈھنگا محسوس نہ ہو، ورنہ آپ کے بالکنی کی ساری خوبصورتی کا ستیاناس ہوجائے گا۔
بالکنی میں خوشگوار وقت گزارنا
صاف ستھری بالکنی میں بیٹھ کر چائے پینے کا ایک الگ ہی مزہ ہے۔ آپ پلاسٹک کی درمیانے سائز کی خوش رنگ کرسیاں اور فولڈنگ میز رکھ کر اپنے گھر کے افراد اور نزدیکی احباب کے ساتھ بیٹھ کر چائے سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں اور باہر کا نظارہ بھی کرسکتے ہیں۔ بالکنی میں رکھا ہوا آپ کا ہلکا پھلکا فرنیچر آپ کے دوستوں کو آپ کے گھر چائے کے لئے آنے پر مجبور کردیگا۔
بالکنی کو روشن رکھیں
رات کے وقت بالکنی میں اندھیرا بے حد بُرا لگتا ہے، اس کے لئے معقول روشنی کا انتظام کرنا ضروری ہے۔ رنگین اور جدید وضع کے بلب لگا کر اس کمی کو پورا کیا جاسکتا ہے۔ بالکنی کے اندر چھوٹے یا درمیانے سائز کے بلب لگا کر رکھیں تو اس سے نکلنے والی دودھیا روشنی آپ کی بالکنی کو بہت خوبصورت ماحول فراہم کریگی اور دور سے دیکھنے والے اس جدید وضع کی بالکنی کو دیکھ کر متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔