 
                
                 
 
پڑوسی ملک بھارت نے چاند پر قدم رکھ کر تاریخ رقم کردی، تاہم اس خبر نے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک کی توجہ اس وقت حاصل کی جب ’چندریان تھری مشن‘ کے بجٹ کا موازنہ ہالی ووڈ کی فلموں پر آنے والی لاگت سے کیا گیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ’نیوز تھنک‘ نامی پیج نے پوسٹ کرتے ہوئے اس جانب توجہ دلائی کہ بھارت کا یہ مشن ہالی ووڈ کی کئی فلموں کے مقابلے میں بہت سستا ہے، بلکہ اس پروجیکٹ پر کام کرنے والے سائنسدانوں کی تنخواہیں فلمی ستاروں سے کئی گنا کم ہیں۔
انہوں نے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ بھارتی ’چندریان 3‘ کا 75 ملین ڈالرز کا بجٹ ہالی ووڈ فلم ’انٹر اسٹیلر کے 165 ملین ڈالرز سے کئی گنا کم ہے‘۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وائرل ہونے والی اس پوسٹ نے جلد ہی اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔
ایلون مسک نے اس پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ بھارت کے لئے اچھا ہے‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بھارت کے جھنڈے والا ایموجی بھی استعمال کیا۔
مذکورہ صارف نے ایک اور پوسٹ شیئر کرتے ہوئے چندریان تھری مشن کے بجٹ کا موازنہ دیگر کئی بڑے بجٹ کی مشہور و معروف فلموں سے بھی کیا۔
تاہم اس وائرل پوسٹ پر کچھ صارفین نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’فلم انٹر اسٹیلر دوسری کہکشاں پر گیا اور بھارت صرف چاند پر ہی گیا ہے‘۔
