 
                
                 
 
پاکستانی اداکارہ صبا قمر کا کہنا ہے کہ رومانس ابھی نیا نیا آیا ہے زندگی میں، میں اس سے لطف اندوز ہو رہی ہوں۔
حال ہی میں اداکارہ نے ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’ہم اکثر مذاق میں کہہ دیتے ہیں ذہنی تناؤ و دباؤ کا شکار ہیں لیکن جب یہ حقیقت میں ہوتا ہے تو انسان کو پتہ چل جاتا ہے، کسی دشمن کے ساتھ بھی ایسا نہ ہو۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں حال ہی میں ڈراموں کو شوٹنگ کے دوران ایسے تجربات سے گزری جس کی وجہ سے مجھے مائلڈ ہارٹ اٹیک ہوگیا تھا، تاہم اب خیریت سے ہوں۔ مجھے ڈاکٹر نے دل کے دورے کی 20 وجوہات بتائیں، دل کا دورہ صرف کولسٹرول سے نہیں بلکہ تناؤ سے بھی ہوتا ہے، ذہنی تناؤ آپ کے جسم پر برا اثر مرتب کرتا ہے۔‘
اداکارہ نے اپنے ڈرامے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا، ’ہمیں بچپن سے رومانس سکھایا نہیں گیا، جب رومانوی مناظر آتے ہیں تو ہمارے لڑکے عجیب محسوس کرنے لگ جاتے ہیں، انہیں سمجھ نہیں آتا کس طرح ایکٹ کریں، نہ لڑکیوں کو سمجھ آتی ہے، ہم کمفرٹیبل محسوس نہیں کرتے۔‘
انہوں نے کہا کہ رونے دھونے کے مناظر ہمیں بہت پسند ہیں اور وہیں کروائے جاتے ہیں، لیکن اب میں رومانوی کردار نبھانے میں دلچسپی رکھتی ہوں۔ رونا دھونا تو پہلے ہی آتا تھا، اب میں نے رومانس کرنا سیکھ لیا ہے۔ رومانس ابھی نیا نیا آیا ہے زندگی میں، میں اس سے لطف اندوز ہو رہی ہوں۔
دوران گفتگو لڑکیوں کے لیے خوش قسمتی کا ستارہ سمجھے جانے والے اداکار عثمان مختار سے متعلق سوال پر صبا قمر نے میزبان سے مذاق میں کہا، ’سوٹ تیار کرلیں، مولوی بلوالیں، شادی ہو نہ ہو ہم اپنی تیاری تو پوری رکھیں۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ شادی کے لیے وقت چاہیے، میری 8 گھنٹے کی نیند مشکل سے پوری ہوتی ہے، محبت کے لیے وقت کہاں ہے؟ ابھی آڈینس کو انٹرٹین کرلوں۔
صبا قمر نے سنجیدگی سے جواب دیتے ہوئے کہا، ’شادی، محبت، بچے، سب قسمت کی بات ہے، یہ نہ وقت سے پہلے نہ وقت کے بعد، یہ جب لکھا ہوگا تب ہی ہوگا، پھر چاہے میں یا آپ کچھ بھی کہہ لیں۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا، ’کون ہوگا جسے زندگی میں محبت نہیں چاہیے ہوگی، استحکام نہیں چاہیے ہوگا، پیار نہیں چاہیے،کس کو اچھا نہیں لگتا چاہا جانا؟ جب قسمت میں لکھا ہوگا، جس کے ساتھ لکھا ہوگا ہوجائے گا۔‘